پی آئی اے کے کارنامے ختم نہ ہوئے، لاہور کا کہہ کر پرواز کو ایسی جگہ لے گئی کہ مسافر ایک دوسرے کا منہ تکنے لگے
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی آئی اے ’باکمال لوگوں کی لاجواب سروس‘ کا نعرہ تو لگاتی ہے لیکن اس کے کارنامے ایسے ہیں جو مسافروں کیلئے وبال جان بنے رہتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق دبئی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 204 کو دبئی سے دوپہر 2 بجے لاہور کیلئے روانہ ہونا تھا تاہم انتظامیہ مسافروں کو لارے ہی لگاتی رہی ۔شدید دھند کی وجہ سے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے بار بار فلائٹ ملتوی کی جاتی رہی اور مسافر بے یارو مددگار ایئرپورٹ پر ہی بیٹھے رہے۔ انتظارکی تکلیف میں پھنسے مسافروں پر پی آئی اے نے اس وقت مزید بجلیاں گرائیں جب رات کو سوا 8 بجے کے قریب انتظامیہ نے اچانک ہی اعلان کردیا کہ پی آئی اے کی پرواز مسافروں کو لے کر کراچی جائے گی ۔
دوسری جانب ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز رات 9 بجے لاہور آنی تھی تاہم شدید دھند کی وجہ سے جب فلائٹ کا لاہور پہنچنا ممکن نہ رہا تو انتظامیہ نے سہہ پہر 4 بجے یعنی پورے 5 گھنٹے مسافروں کوفلائٹ کی منسوخی کی اطلاع دے دی اور ساتھ ہی یہ اعلان بھی کردیا کہ پرواز منگل کی صبح جائے گی۔