معاشرے میں سب کو علم کی روشنی عام کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، ڈاکٹر فرخ جاوید

معاشرے میں سب کو علم کی روشنی عام کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، ڈاکٹر فرخ ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)معاشرے میں تعلیم عام کرنے کیلئے کمیونٹی کا کردار نہایت اہم ہے اور معاشرے کے تمام طبقات کو علم کی روشنی عام کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔تعلیم کے ذریعے ہی معاشرے سے غربت، بیماری اور بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے۔ محکمہ لٹریسی معاشرے کے پسماندہ ترین اور پسے ہوئے طبقے کو تعلیم کی روشنی دے رہا ہے۔ یہ پیغمبرانہ پیشہ ہے اسی لیے اس سے منسلک اشخاص ہمارے سروں کے تاج ہیں۔ ہر ضلع میں ڈیموگرافک سروے کی روشنی میں لٹریسی سکول کھولیں گے اور ’’گھر سکول‘‘ میں بہتری کیلئے آپ کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔

حکومت کا فرض ہے کہ تمام شہریوں خصوصا بچوں کو مفت اور اعلیٰ معیار کی تعلیم سے آراستہ کرے 2030تک صوبہ پنجا ب میں 100فیصد شرح خواندگی کا حصول ہمارا ہدف ہے جس کے حصول کیلئے نجی شعبے سے بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لٹریسی ونان فارمل بیسک ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے نجی ہوٹل میں محکمہ لٹریسی کی کمیونیکیشن سٹریٹجی کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹرعصمت طاہرہ، سابق وزیرشاہین عتیق الرحمن، محکمہ لٹریسی کے پنجاب بھر سے آئے نمائندگان،شعبہ تعلیم سے وابستہ ملکی وبین الاقوامی سطح کی سرکاری و نجی تنظیموں کے سربراہان اور ماہر تعلیم اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ورکشاپ کا مقصدخواندگی کو عام کرنے کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنا اور ان کی آراء کی روشنی میں پالیسی کو حتمی شکل دینا تھا۔ مشاورتی ورکشاپ سے خطاب میں ڈاکٹر فر خ جاوید کا کہنا تھا کہ محکمہ لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن پنجاب بھر کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کی شمع روشن کیے ہوئے ہے اور محکمہ کے 13ہزار نان فارمل سکولوں میں 4لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔ اسی طرح تعلیم بالغاں کے لیے محکمہ لٹریسی کی جانب سے بنائے گئے 6300سینٹرز میں 36ہزار سے زائد افراد تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ورکشاپ کے شرکاء نے طلباء کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کے طریقہ کار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نان فارمل بیسک ایجوکیشن میں اساتذہ کی تربیت کے لیے علیحدہ انتظام ضروری ہے جبکہ ان کی تنخواہ بھی کارکردگی سے منسلک کی جا سکتی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4