یوایم ٹی ، رومانیہ کے سفیر کے اعزاز میں تقریب، ڈاکٹر محمد اسلم،عابد شیروانی کی شرکت

یوایم ٹی ، رومانیہ کے سفیر کے اعزاز میں تقریب، ڈاکٹر محمد اسلم،عابد شیروانی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر) ٰیونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یوایم ٹی) میں رومانیہ کے سفیر مسٹر نکولا گوا کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریکٹر ڈیوایم ٹی ڈاکٹر محمد اسلم، ڈائریکٹر جنرل عابد ایچ کے شیروانی سمیت رومانیہ کی ایمبیسی سے ڈپلومیٹس نے شرکت کی۔ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ایمبیسڈر نکولا گوا نے کہا کہ پاکستان محبت کرنے والوں کا ملک ہے اور پاکستان کے لوگ خوش دل، مہمان نواز اور دوسروں کا خیال رکھنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کی بنیاد 1964 میں رکھ دی گئی تھی اور تب سے رومانیہ ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رومانیہ اس وقت پاکستان میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جن میں انفراسٹرکچر نمایاں ہے۔انہوں نے کہا کہ رومانیہ یورپین یونین کی ساتویں بڑی مارکیٹ ہے اور یہ یورپ میں جانے کے لیے گیٹ وے ہے جس کا فائدہ پاکستان اور دیگر ممالک کو اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت رومانیہ تیزی کے ساتھ ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے جس کے باعث پاکستان اور رومانیہ کے تعلقات مزید گھرے ہوسکتے ہیں ۔تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری پر بات کرتے ہوئے رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ ان کے ملک کو پاکستان کے تعلیمی شعبے میں خاص طور پر دلچسپی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوایم ٹی جیسے ادارے پاکستان کے مثبت شناخت ہیں جو کہ اعلیٰ تعلیم اور ریسرچ کے فروغ میں اہم کردار اداکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوایم ٹی دیکھ کر ان کو بہت خوشی ہوئی یہ ایک بہترین ادارہ ہے اور وہ کوشش کریں گے کہ ایسے بہترین تعلیمی اداروں کا اپنے ملک کی یونیورسٹیز کے ساتھ اشتراک کروائیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت رومانیہ میں پچاس ہزار سے زائد مسلمان آباد ہیں جن کو اسلام فوبیا جیسے مسائل کا بالکل بھی سامنا نہیں کیونکہ ہم ہر طرح کی مذہبی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپین یونین اور نیٹو کا ممبر ہونے کے ناطے رومانیہ پاکستان اور نیٹو کے تعلقات مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
ریکٹر یوایم ٹی ڈاکٹر محمد اسلم نے خطاب کرتے ہوئے ایمبیسڈر نکولا گوا کو یوایم ٹی آنے پر خوش آمدید کہا اور رومانیہ اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کو فروغ دینے پر ان کو سراہا۔ڈاکٹر اسلم نے کہا کہ رومانیہ اور پاکستان کے مابین اچھے تعلقات قائم ہیں جو کہ مزید بہتر اور مضبوط ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوایم ٹی رومانیہ کی یونیورسٹیز کے ساتھ اشتراک کرکے ان کی ریسرچ اور تجربوں سے فائدہ اٹھائے گی۔آخر میں معزز مہمان کو سوینئر بھی پیش کیا گیا۔