یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں فلاسفی آف اسلامک ایجوکیشن کے موضوع پر سیمینار

یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں فلاسفی آف اسلامک ایجوکیشن کے موضوع پر سیمینار

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ کیمپس میں فلاسفی آف اسلامک ایجوکیشن کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت کے حامل سکالر، دانش ور اور مصنف ڈاکٹر پروفیسر انیس احمد نے کہا کہ اسلام کا تصورِ علم آفاقی اور اخلاقی ہے، جس کے مطابق ہمارے علم کی بنیادیں سچائی اور وحی پر استوار ہونی چاہییں۔ خالق کائنات نے انسانوں کو ہر قسم کا علم حاصل کرنے کی تلقین کی ہے، لیکن ساتھ ہی ساتھ اسے کچھ اخلاقی حدود و قیود کا پابند بھی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام محض عبادات کے مجموعہ کا نام نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم کسی بھی قسم کی تقسیم کا شکار ہوئے بغیر اسلام کے ابدی اور سرمدی پیغام کو سامنے رکھتے ہوئے کائنات کی تسخیر کے لئے اللہ رب العزت کے قوانین کے مطابق کوشاں رہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے مہمان مقرر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر انیس احمد جیسی نابغہ روزگار شخصیت کا وجود ہمارے معاشرے کے لئے اللہ تعالی کی عظیم نعمت سے کم نہیں، کیوں کہ ڈاکٹر صاحب گزشتہ 50 سالوں سے علم و دانش کے جو موتی بکھیر رہے ہیں، ان سے کئی نسلیں استفادہ کر چکی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4