غیر ملکی ماہرین کی سکیورٹی کیلئے ،خصوصی اقدامات کیے جائیں:آئی جی پنجاب

غیر ملکی ماہرین کی سکیورٹی کیلئے ،خصوصی اقدامات کیے جائیں:آئی جی پنجاب

لا ہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں آنے والے غیر ملکی ماہرین اور سرمایہ کاروں بالخصوص چائینز باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ ائیر پورٹس پر ایف آئی اے کے ساتھ مل کر سپیشل کاؤنٹرز بنائے جہاں پاکستان آنے والے ہر غیر ملکی شہری کے ڈیٹا کا اندراج کیا جائے اور ائیر پورٹ سے ہی انکی سیکیورٹی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کا آغاز کردیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پہلے کاؤنٹرکا آغاز لاہور ائیر پورٹ سے کیا جائے اور پھر بتدریج اس کا دائرہ کا رپنجاب کے دیگر اضلاع کے ائیر پورٹس پر بھی پھیلا دیا جائے۔آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر کو ایس پی یو کے لیے مزید بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے درکار تمام ترسازوسامان کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس ، ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس محمد طاہر ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب ،عامر ذوالفقار خان ، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ فیصل علی رانا، ڈی آئی جی ایلیٹ فورس ،افضل محمود بٹ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈاکٹر حیدر اشرف،ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن لاہور رانا ایاز سلیم اور ایس ایس پی سپیشل برانچ لاہور ریجن، کیپٹن (ر) رومیل اکرم سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی