سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کروانے کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو جواب داخل کروانے کا حکم

سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کروانے کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کروانے کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو 2ہفتوں میں جواب داخل کروانے کا حکم دے دیاہے۔چیف جسٹس نے صفدر شاہین گل ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کے روبرو مجموعی طور پر 333 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں، سال 2016 ء تک 325 سیاسی جماعتوں نے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کروائے، سیاسی جماعتوں نے آمدن کے ذرائع اور سالانہ حسابات بھی جمع نہیں کرائے اور الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے خلاف خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، سالانہ گوشوارے اور حسابات جمع نہ کروا کر پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کی خلاف ورزی کی گئی ہے ،سالانہ گوشوارے اور حسابات جمع نہ کروانے والی سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کی جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کی درخواست پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو دو ہفتوں میں جواب داخل کروانے کا حکم دے دیاہے۔

رجسٹریشن منسوخی

مزید : صفحہ آخر