عوام کو صاف پانی، تعلیم، صحت جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں، محمودالرشید

عوام کو صاف پانی، تعلیم، صحت جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں، محمودالرشید

لاہور (نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے فوری پنجاب اسمبلی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نجفی رپورٹ آنے کے بعدوزیراعلیٰ ایوان میں آکر وضاحت کریں،56کمپنیوں میں ہونیوالی مالی بے ضابطگیوں اور تحقیقات سے متعلق ایوان کو آگاہ کیا جائے،بتایا جائے مذکورہ کمپنیوں کا ابھی تک مکمل آڈٹ کیوں نہیں کیا گیا؟ حکومت پنجاب اس سکینڈل کی تحقیقات کی بجائے ایوان کا اجلاس ہی نہیں بلا رہی ،پنجاب مسائل کی آماجگاہ بن گیا، بچے سڑکوں، رکشوں پر پیداہو رہے ہیں، مختلف مکتبہ فکر کے لوگ جائز مطالبات کیلئے بھی آئے روز سڑکوں پر ہوتے ہیں، عوام کو صاف پانی، بچوں کو معیاری تعلیم، صحت جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں، سواکروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، انکے لئے کیا اقدامات اٹھائے گئے، صوبے میں سب اچھا نہیں اور وزیراعلیٰ غافل اعلیٰ بنے بیٹھے ہیں۔ وہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ صوبے میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ کی گونج ہے، باقر نجفی رپورٹ آنے کے بعد پنجاب حکومت جمہوری روایات کے برعکس ایوان کے اجلاس کو دانستہ طور پر تاخیر کا شکار کر رہی ہے، کیونکہ انکے پاس صفائی میں کہنے کیلئے کچھ نہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ایوان میں آکر اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی صفائی پیش کریں۔

محمودالرشید

مزید : صفحہ آخر