اورنج لائن ٹرین پاکستان کا منصوبہ ، عوام آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کا محاسبہ کر یں گے : شہباز شریف

اورنج لائن ٹرین پاکستان کا منصوبہ ، عوام آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کا ...

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قریب لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سائٹ آفس پراجلاس منعقد ہوا،جس میں منصوبے کے تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیااوروزیراعلیٰ کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے سائٹ آفس پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کوٹ سے منصوبے پر عملدر آمد کی اجازت ملنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سب آپ کی مشترکہ کاوشوں اوراجتماعی اقدامات کا نتیجہ ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ منصوبے میں 22ماہ کی بے پناہ تاخیر ہوئی ہے اور مفاد عامہ کے اس عظیم منصوبے میں تاخیر کی ذمہ دارتحریک انصاف ہے ۔باشعور عوام پی ٹی آئی کامحاسبہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جن سیاسی عناصر نے اس عظیم منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کیں ان کا محاسبہ عوام کریں گے۔پی ٹی آئی نے عوامی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے منصوبہ دو بارہ ٹریک پر آگیاہے ۔زندگی میں ایسے مواقع آتے رہتے ہیں تاہم ہمیں صبر وتحمل ،برداشت اورہمت سے کام جاری رکھنا ہے اوریہ قوم کو کچھ کردکھانے کا موقع ہے ۔آپ سب دن رات محنت کریں اورمنصوبے کی جلد تکمیل کیلئے جت جائیں ۔اپنی کوششوں کو دگنا تگنا کردیں،اسی طرح منصوبے میں ہونیوالی تاخیر کا ازالہ ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر دن میں 24گھنٹے ہیں تو25گھنٹے کام کریں تو کامیابی ملے گی۔ گھنٹوں کو منٹوں اورمنٹوں کو سکینڈوں میں بدل دیں ۔محنت سے کام کریں تو اللہ تعالیٰ بھی ہمارا ہاتھ تھام لے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین پاکستان کا منصوبہ ہے ۔یہ منصوبہ عام آدمی کو با وقار ، با کفایت او رعالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔میں پاکستانی قوم ،پنجاب کے عوام خصوصا لاہور کے شہریوں کو مبا رکبا د دیتاہوں۔ٹریفک کی بندش کی صورت میں شہریوں کو کم سے کم مشکل ہونی چاہیے۔ صوبائی وزیر رانا مشہوداحمد، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان،چیف سیکرٹری ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ، سینئر وکیل شاہد حامد ،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ڈی جی ایل ڈی اے ، کمشنر لاہور ڈویژن او رمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے۔ ہم نے ہر دور میں عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کو اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے شاندار ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ماضی کے حکمرانوں کی طرح وعدوں اور دعووں کی بجائے ہر شعبہ کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ پورا کر دکھایا ہے۔ ملک کی ترقی کے لئے بھرپور جذبے سے آگے بڑھتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ وسائل عوام کی امانت ہیں، تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جا رہے ہیں اور وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے۔ شفاف ترقیاتی منصوبے اور عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شفافیت اور میرٹ کو اپنایا گیا ہے اور شفافیت کے ذریعے بچائے گئے اربوں روپے بنیادی سہولتوں کی فراہم پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شعبدہ بازوں کی جھوٹ پر مبنی سیاست دم توڑ چکی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام قوم کا وقت برباد اور جھوٹے دعوے اور نعرے لگانے والوں کا صفایا کریں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی امتیاز احمد اور چوہدری طفیل شامل تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول