آصف زرداری کے ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی سے اتحاد ممکن نہیں:عمران خان

آصف زرداری کے ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی سے اتحاد ممکن نہیں:عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے آصف زرداری کے ہوتے پیپلزپارٹی سے کسی صورت اتحاد ممکن نہیں،گزشتہ روزاسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا مخالفین نے جان بوجھ کر مجھ پر دہشت گردی کے کیسز بنائے، مجھے ڈرایا اور دھمکایا گیا کہ میں کرپٹ شریف مافیا کا پیچھا چھوڑ دوں اور یہ تاثر پیدا کیا گیا کہ ہم چور ہیں تو باقی سب بھی چور ہیں لیکن ایسا کبھی بھی نہیں ہوسکتا، میں نے پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کا عہد اور عوام سے وعدہ کررکھا ہے ۔ میں نے اپنی جائیداد سے متعلق تمام منی ٹریل عدالت میں پیش کی لیکن نوازشریف سے جب پوچھا گیا پیسہ کہاں سے آیا تو ان کے پاس جو ا ب میں صرف قطری خط تھا اور اسی قطری خط سے نواز شریف نے بچوں کی جائیداد سے متعلق سوال پر بھی سہارا لیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پو لیس حکمرانوں کی ذاتی ملازم بنی ہوئی تھی اور میرے خلاف مقدمات میں بھی حکومتی پراسکیوٹر شریف خاندان کا ترجمان بنا ہوا ہے یہ سب چور اور ان کے لیڈرز بھی چور ہیں۔دریں اثناء عمران خان سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے ملاقات کی،جس میں دونوں جماعتوں کے عمائدین نے باہمی روابط کو پائیدار اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا،پی ٹی آئی چیئرمین نے وفد کی جانب سے دورہ چین کی دعوت بھی قبول کر لی۔پیر کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے نمائندہ خصوصی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور چیئرمین کے مشیر امور خارجہ ڈاکٹر شہزاد وسیم اور پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری جبکہ پاکستان میں نامزد چینی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،عمران خان نے غربت میں نما یا ں کمی کے حوالے سے چینی حکومت کی کوششوں کو سراہا ۔

عمران خان

مزید : کراچی صفحہ اول