اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، فیصل آباد، ملتان قصور، چیچہ وطنی، بھکر، سیالکوٹ، شیخو پورہ سمیت دیگر شہروں میں ہلکی اور تیز بارش

اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، فیصل آباد، ملتان قصور، چیچہ وطنی، بھکر، ...

اسلام آباد/لاہور /کراچی (آئی این پی )اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے جو آئندہ مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے ،کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔سردی کی لہر بڑھنے سے کوئلے، لکڑی اور خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، قصور، چیچہ وطنی، بھکر، سیالکوٹ، بھورے والا، چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ملتان کے علاقے شجاع آباد میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گر گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے طلبا وطالبات کو سکول اور شہریوں کو دفاتر پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، پشاور، عارف والا، مانانوالہ وگردونواح، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی پتوکی میں مسلسل بارش کی وجہ سے مضافاتی علاقوں کے مکین پریشان ہیں۔شیخوپورہ اور بہاولنگر میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سردی کے باعث گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے اور وہ کوئلہ استعمال کرنے پر مجبور ہیں لہذا مداخلت کرکے کوئلے کی قیمتوں میں کمی کرائی جائے۔ رحیم یار خان ،بھکر ، پشاور، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کندیاں میں رات بھر سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے ۔سکردو سمیت ملک کے مختلف بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا، چترال، اپر دیر ، لوئر دیر ، سوات، مالاکنڈ ، شانگلہ، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ میں بھی برفباری کا امکان ہے ۔استور میں رات سے برفباری جاری ہے۔شہر قائد میں بھی صبح سے موسم ابر آلود ہے اور بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی۔کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف اور کبھی جزوی ابرآلود رہنے کے امکان کے ساتھ ساتھ رات میں موسم سرد رہیگا۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 اعشاریہ 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد بتایا جارہا ہے۔حکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع مکمل طور پر صاف اور موسم شدید سرد و خشک ہے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈسینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا دالبندین میں منفی 4، پنجگور میں منفی ایک، خضدار میں ایک، ژوب میں 2 اور سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بارش

مزید : پشاورصفحہ آخر