پاکستان میں نظام مصطفےؐ کے سواکوئی نظام قابل قبول نہیں،شمس سواتی
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ پاکستان میں نظام مصطفےﷺکے سواکوئی نظام قابل قبول نہیں ہوسکتا کیونکہ ریاست کا مقصدہی اسلام کا قیام ہے ختم نبوت ﷺقوانین پروارکرنے والے اسلام دشمن جان لیں کہ جلدیا بدیروہ ضروربے نقاب ہوں گے اورپاکستان کی آئینی عدالتوں کے علاوہ اللہ کے حضوربھی اس ظلم کابدلہ پائیں گے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے بطورمہمان خصوصی چک جلال دین اور ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں الگ الگ منعقدہ عشق رسول ﷺکانفسززسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرنائب امیرضلع امتیازعلی اسلم،ضلعی رہنما محمدتاج عباسی ، مولانا عبدالرحیم بابر،مولاناخالدعمران خالد،اعظم کیانی وودیگرمذہبی قائدین اورعلمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ دنیا بھرمیں مسلمان اس وجہ سے کمزورہیں کیونکہ اسلامی ممالک کے حکمران امریکہ سمیت عالمی استعمارکے غلامو ں کا کردارادا کررہے ہیں بیت المقدس کے مسئلے پر مسلم ممالک کے عوام ایک طرف اور حکمران دوسری طرف کھڑے ہیں ۔ جب تک جب تک اقتدار پر عالمی صیہونی مالیاتی اداروں کے ایجنٹ قابض رہیں گے مسلمان دنیا بھرمیں پستے رہیں گے ۔