شجاع آباد: کوآپریٹو بینک میں ڈاکہ 5 افراد 9 کروڑ کا سونا لے کر فرار

شجاع آباد: کوآپریٹو بینک میں ڈاکہ 5 افراد 9 کروڑ کا سونا لے کر فرار

ملتان،شجاع آباد،سکندر آباد(کرائم رپورٹر) کوآپریٹو بینک غلہ منڈی شجاع آباد میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات پانچ نامعلوم ڈاکوؤں نے سکیورٹی گارڈ ،بینک منیجر اور عملہ کو یرغمال بنا کر 9کروڑ مالیت کا سونا لوٹ لیا،جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرہ اور ڈیوائس بھی ساتھ لے گئے۔اطلاع ملنے پر آرپی او ملتان،سی پی او ملتان سرفراز احمد فلکی اور دیگرافسران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع واردات پر پہنچ گئے۔آئی جی پنجاب کا نوٹس آرپی ملتان سے رپورٹ طلب کرلی۔پولیس نے بینک عملہ کے ملوث ہونے کاخدشہ ظاہر کردیا۔بینک کے 6ملازمین کو تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا گیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز دن1بجے 125موٹرسائیکل پرسوار5نامعلوم مسلح ڈاکو کو آپریٹو بینک غلہ منڈی شجاع آباد میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر وہاں موجود عملہ سمیت دیگر افراد کو یرغمال بنالیا۔اس دوران تمام افراد زمین پر لیٹ گئے،ڈاکو9کروڑ مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور فرانزک لیب کے افسران بھی آن پہنچے،جائے وقوعہ کا جائزہ لیا،دوسری جانب ڈکیٹی کی واردات پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی،آرپی او ،سی پی او ملتان اورایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹرفہد موقع پر پہنچ گئے،اس بارے ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات میں بینک عملہ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔چونکہ بینک کسانوں سے طلائی زیورات بطورگارنٹی لیکر انہیں لون مہیا کرتا ہے ۔اس وجہ سے بڑی مالیت کا سونا موجود تھا۔انہوں نے بتایا کہ ڈکیتی کے وقت کیشیئر تھوڑی دیر کی رخصت لیکر گیا ہوا تھا دوسری جانب ایک سکیورٹی گارڈ بھی رخصت پر تھا،ڈاکو جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرہ اور ڈیوائس بھی ساتھ لے گئے،واردات آرگنائزڈ تھی۔تفتیش کیلئے 5بینک ملازمین کو حراست میں لیا گیا ہے ۔مزید معلوم ہوا ہے کہ ڈاکو سادہ کپڑوں میں مبلوث تھے۔انہوں نے شلوارقمیض پہنیں تھیں۔

ڈکیتی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر