اگر شہریوں کو رقم ادا نہیں کرنی تو پھر زمین ایکوائر کرنے کا حکم کالعدم کردیتے ہیں ، ہائی کورٹ کا میئر لاہور پر اظہار برہمی

اگر شہریوں کو رقم ادا نہیں کرنی تو پھر زمین ایکوائر کرنے کا حکم کالعدم کردیتے ...
اگر شہریوں کو رقم ادا نہیں کرنی تو پھر زمین ایکوائر کرنے کا حکم کالعدم کردیتے ہیں ، ہائی کورٹ کا میئر لاہور پر اظہار برہمی

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے شہری کی اراضی ایکوائر کرنے کے بعد معاوضے کی عدم ادائیگی پرمئیرلاہور کرنل ریٹائیرڈ مبشر جاوید پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ مئیر صاحب شہری کی ایکوائر کی جانے والی اراضی کا معاوضہ دے رہے ہیں یاایکوائر کی جانے والی اراضی کا حکومتی نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے دیا جائے ۔مئیر کی یقین دہانی پر عدالت نے عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔

جسٹس شاہد وحید نے شہری عمر خان کی درخواست پر سماعت کی جس میں حکومت کی جانب سے لاری اڈہ کی حدود میں شہری کی 2کنال اراضی ایکوائر کر کے معاوضہ ادا نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ،عدالتی حکم پر مئیرلاہور مبشر جاوید اور ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ 5سال سے زیر التوا مقدمے پر شہری کی ایکوائر کی جانے والی اراضی کا معاوضہ کیوں نہیں دیا جارہا ؟عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ لارڈ مئیرآپ سائل کی ایکوائر کی گئی اراضی کا معاوضہ ادا کریں گے یااراضی ایکوائر کرنے کے حکومتی نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے دیا جائے ؟جس پر کیپٹن (ر)مبشر جاوید نے عدالت کو معاوضے کی ادائیگی کی یقین دہانی کروا دی ،عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے عدالتی احکامات کی عمل درآمد کی رپورٹ آئندہ سماعت پرطلب کر لی ہے، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اراضی ایکوائر کرنے کے باوجود مارکیٹ ریٹ پر معاوضہ ادا نہیں کیا جارہا ہے ،عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت مئیرکو ایکوائر کی جانے والی اراضی کا معاوضہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادا کرنے کاحکم دے ۔

ڈیلی پاکستان کے یو ٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں پر کلک کریں

مزید : لاہور