کیا وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری ای سی ایل سے نجات حاصل کرپائیں گے؟ فیصلہ آج
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری کانام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلہ آج سنایا جائے گا۔
جیونیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ آج ساڑھے 12 بجے فیصلہ سنائے گا، زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کی استدعا کی جس پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فاضل بنچ کی جانب سے 4 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمارہوتے ہیں اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے مشیر زلفی بخاری کی دہری شہریت پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سخت موقف اپنایا تھااور عدالت کے احاطے میں زلفی بخاری اورسپیشل پراسیکیوٹر میں تلخ کلامی بھی ہوئی تھی جس کے بعد عمران شفیق کو نیب ہیڈ کوارٹرز بلا کر استعفیٰ طلب کیا گیا تھاجس پر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے ۔