ایل ڈی اے کا سبزہ زار میں آپریشن ، 3ارب کی 30کنال اراضی واگزار

ایل ڈی اے کا سبزہ زار میں آپریشن ، 3ارب کی 30کنال اراضی واگزار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے نمائندے سے )ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کی ہدایت پر اسٹیٹ برانچ کی سبزہ زار سکیم کے سی بلاک میں قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی، تین ارب روپے کی 30کنال اراضی واگزار کروالی ہے۔ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر اسٹیٹ عثمان غنی اور اسٹیٹ آفیسر ملک عقیل اکرم نے کی۔ایل ڈی اے کی سبزہ زار سکیم کے سی بلاک میں پی ٹی آئی کے رہنما چودھری ظہیر ناگرہ نے تین ارب کی اراضی پر قبضہ کررکھا تھا۔کارروائی کے دوران ظہیر ناگرہ رو پوش ہو گیا،ایل ڈی اے کی اسٹیٹ برانچ کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود رہی۔ایل ڈی اے نے کارروائی کرکے گھر ، چار دیواریاں ، کارخانے ، ڈیرہ ، بھینسوں کے باڑے مسمار کردیئے ۔ایل ڈی اے کے عملے نے آپریشن کے نتیجے میں 75فیصد سے زیادہ رقبے کا قبضہ واگزارکروا لیا جبکہ باقی جگہ حکم امتناعی کے باعث خالی نہ کروائی جا سکی ۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے کہاہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف پنجاب حکومت کی پالیسی زیر و ٹالرنس ہے۔قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کروانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن کر کے حکومتی رٹ بحال کی جارہی ہے۔آپریشن بلا امتیاز کیا جارہا ہے اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو عثمان غنی نے ذاتی طور پر آپریشن کی قیادت کی ۔