بجلی چوری ‘ اہم انکشافات پر کھلبلی ‘ کرپٹ ملازمین کا گھیرا تنگ ‘ تحقیقات تیز
ملتان (سٹاف رپورٹر) میپکو کی انسداد بجلی چوری مہم کے دوران گرفتار میٹر ریورسرز کے انکشافات پر میپکو کے بجلی چوری میں ملوث ملازمین کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ مہم کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ملتان میں ایک ایسا گروہ بھی سرگرم ہے جو صارفین سے براہ راست رابطہ کرکے انہیں (بقیہ نمبر44صفحہ12پر )
بجلی چوری کی ترغیب دیتا ہے اور ایک صارف کو دیگر صارفین کو بجلی چوری کرنے پر آمادہ کرنے پر نقدی یا میٹر ریورسنگ کی مفت سہولت کی آفر کی جاتی ہے۔ شجاع آبادک‘ غلہ منڈی اور شمس آباد میں میپکو کے افسروں اور ملازمین کی بہترین کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے اور میپکو کے دیگر آٹھ سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو میپکو ملتان سرکل کے سربراہ ایڈیشنل چیف انجینئر محمد عمر لودھی اور ان کی ٹیم کی طرز پر کام کرنے کی تلقین اور ہدایت کی جارہی ہے۔ میپکو اتھارٹی نے انسداد بجلی چوری مہم میں ملک میں دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لئے مزید بھرپور اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ادھر ایڈیشنل چیف انجینئر میپکو ملتان سرکل محمد عمر لودھی نے شاہ شمس سب ڈویژن کے علاقے میں بھی بجلی چوروں کا سہولت کار گینگ پکڑ لیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایڈیشنل چیف انجینئر محمد عمر لودھی کو اطلاع ملی کہ شاہ شمس سب ڈویژن کے علاقے میں ایک گینگ لوگوں کو بجلی چوری کرا رہا ہے جو میٹر ز ریورس‘ سلو ‘ واش اور ٹمپر ڈ کر رہا ہے ۔ انہوں نے سی ای او میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری کو آگا ہ کیا۔ میپکو چیف انجینئر محمد اکرم چوہدری کی نگرانی میں ایڈیشنل چیف انجینئر محمد عمر لودھی نے ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن ملک محمد اشفاق‘‘ایس ڈی او شمس آباد سب ڈویژن امیر نواز اور پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارکر شمس آباد سب ڈویژن کے علاقہ میں میٹرریورسر کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا ۔ ذرائع کے مطابق ایک اطلاع پرگھریلومیٹر حوالہ نمبری 10-15172-2804500کو ریورس کرنے کے لئے میٹرریورسر انجم عباس ولد فیض اللہ سے رابطہ کیاتو اس نے خفیہ مقام پربھاری رقم کے عوض معاملہ طے کرکے میٹرمنگوالیا اور موقع پر ہی کھول کر اسے ریورس اور سلو (آہستہ )کردیا ۔ ٹیم نے پولیس کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے ڈیجیٹل میٹرز ریورس کرکے بجلی چوری کروانے والا میٹرریورسر انجم عباس کوموقع سے گرفتارکرلیا ۔میٹرریورسر ڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی ہے جو میٹر ریورس کرنے کے لئے ملتان آتاہے۔ملزم کے قبضہ سے سنگل فیز میٹر، محلول کی شیشیاں، کٹربلیڈ، سرکٹ اور دیگر سامان برآمدکرلیا ۔ایس ڈی او شمس آباد امیر نواز نے مقدمہ کے اندراج کے لئے تھانہ پرانی کوتوالی میں درخواست دے دی۔ معلوم ہوا ہے کہ سب ڈویژن شاہ شمس کے مختلف اہلکار بھی گینگ کے ساتھ ملی بھگت کئے ہوئے تھے جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔