نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ‘ مردوخواتین کے ٹیم ایونٹ کے فائنل آج ہونگے
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں مردوخواتین کے ٹیم ایونٹ کے فائنل آج کھیلے جائیں گے۔ مردوں کے فائنل میں دفاعی چیمپئن واپڈا کا مقابلہ آرمی جبکہ خواتین کے فائنل میں واپڈا کی ٹیم کروماٹیکس کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ نشتر پارک جمنیزیم میں کھیلے گئے مردوں کے ٹیم ایونٹ سیمی فائنل میں آرمی نے کے پی کے کیخلاف تین ایک سے کامیابی حاصل کی جبکہ واپڈا نے ایچ ای سی کو تین صفر سے زیر کیا۔ خواتین کے ٹیم ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں واپڈا نے پنجاب کو باآسانی تین صفر سے زیر کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں کروماٹیکس نے آرمی کو کانٹے دار مقابلے کے بعد دو کے مقابلے تین میچز سے ہرایا۔ ٹیم ایونٹ کے فائنل مقابلے آج شام پانچ بجے کھیلے جائیں گے جن کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور اور ڈی جی سپورٹس پنجاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔