مودی کی بی جے پی کو صوبوں میں عرت ناک شکست، کانگرس، 3علاقائی پارٹیاں 2ریاستوں میں ففاتح ، حکومت سے اختلاف مرکزی بنک کا سربراہ مستعفی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتی جنتا پارٹی اپنے مضبوط قلعوں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجھستان سے ہار گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم کی اسمبلی انتخابات مکمل ہوگئے ہیں،راجستھان،چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں کانگریس نے میدان مارلیا۔ میزورام میں نیشنل فرنٹ نے کامیابی حاصل کی جبکہ تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹریہ سمتھی نے فتح حاصل کی۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں بی جے پی پانچوں ریاست میں شکست کھاگئی۔ریاست مدھیہ پردیش کی اسمبلی کے لیے انتخاب میں سب سے کانٹے دار مقابلہ جاری ہے، یہاں سب سے زیادہ نشستوں 230 کے لیے بی جے پی 106 نشستوں میں کامیابی کے ساتھ اپنی ساکھ بچانے کی کوششوں میں جتی ہوئی ہے جب کہ کانگریس 115 نشستوں کے ساتھ بی جے پی کے سامنے مضبوط دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی راجستھان میں بھی کچھ مزاحمت کرتی نظر آرہی ہے جہاں 199 نشستوں کے لیے مقابلہ ہوا جس میں سے کانگریس 102 نشستیں لے اڑی جب کہ بی جے پی کے ہاتھ 74 نشستیں آسکیں۔ کانگریس حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔بی جے پی کو سب سے بڑا دھچکا اپنے مضبوط گڑھ ریاست چھتیس گڑھ میں پہنچا جہاں 90 نشستوں پر انتخاب ہوا۔ کانگریس خلاف توقع حکمراں جماعت سے 69 نشستیں چھیننے میں کامیاب رہی جب کہ بی جے پی صرف 11 نشستیں ہی بچا پائی۔ یہاں بھی کانگریس حکومت بنا سکتی ہے۔تلنگانہ میں مقامی جماعت تلنگانہ راشٹرز سمیتھی نے وفاقی جماعتیں کہلانے والی بی جے پی اور کانگریس کو انتخابی دوڑ میں بہت پیچھے چھوڑ دیا اور 199 میں سے 85 نشستیں جیت کر ریاست کی اسمبلی میں سبقت حاصل کرلی۔ کانگریس 23 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ مسلم جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد مسلمین 6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔میزورم کے انتخابی نتائج کانگریس کے لیے دھچکا ہیں، یہاں کانگریس کی حکومت قائم تھی لیکن آج یہ میدان حیران کن طور پر مقامی جماعت میزو نیشنل فرنٹ کے نام رہا جس نے 40 میں 25 نشستیں حاصل کرکے سبقت حاصل کرلی۔ اس ریاست میں کانگریس کو 6 اور بی جے پی کو صرف 1 نشست ملی۔مودی کی جماعت کو سب سے بدترین شکست ریاست میزورام میں ملی جہاں وہ صرف ایک ہی نشست حاصل کرسکی،مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے نتائج نے بی جے پی کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کردیا ہے اور راجھستان میں بھی بی جے پی اپنی حکومت برقرار نہیں رکھ پا ئے گی، جب کہ کانگریس کو میزورم میں مقامی جماعت کے ہاتھوں اپنی حکومت سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم نریندرا مودی کی حکومت کی مدت پوری ہونے والی ہے، اور ان ریاستوں کے انتخابی نتائج پارلیمانی انتخابات میں اثرانداز ہوں گے۔ راہول گاندھی کی نوجوان قیادت میں کانگریس ایک مرتبہ پھر بھارت پر راج کرتی نظر آرہی ہے۔
مودی شکست
نئی دہلی(آئی این پی/ شِنہوا) ریزرو بینک آف انڈیا (بھارت کے مرکزی بینک) کے سربراہ ارجیت پٹیل کی جانب سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگرچہ انہوں نے کہا کہ وہ"ذاتی وجوہات"کی بنا پر استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ استعفے کی وجوہات کا تعلق بھارتی مرکزی بینک اور حکومت کے درمیان بڑے اختلافات سے ہے ۔