پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلانے کا عہد کر لیا : وزیر اعظم

پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلانے کا عہد کر لیا : وزیر اعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے ، طالب علموں کے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر ہمارے پیغمبر آنحضرت ؐ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں تاکہ انکی سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کی جا سکے، بلوچستان میں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے ، اس پر قابو پانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے ،گاؤ ں کی سطح پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی، ملک بھر میں سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے ۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبہ نے گزشتہ روز ملاقات کی ۔اس موقع پروفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔ وزیر اعظم نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ،مختلف طبقوں کیلئے مختلف نظام تعلیم کی کسی معاشرے میں گنجائش نہیں ہوتی ،اس لئے ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر صوبہ بلوچستان ملک کے باقی حصوں سے پیچھے رہ گیا ہے تاہم ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خصوصا طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی کیلئے پوری کوشش کے علاوہ انہیں وظائف دے کر تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے۔ قبل ازیں اٹلی کی تیل و گیس کی ملٹی نیشنل کمپنی ای این آئی کے وسط ایشیائی خطے کیلئے ایگزیکٹو نائب صدر سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت تمام سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ ذخائر کی تلاش و پیداوار کے شعبے سمیت مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ وزیراعظم نے ای این آئی کی پاکستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہائیڈروجن کے بے پناہ ذخائر ہیں جنہیں ابھی تک بروئے کار نہیں لایا گیا۔ اس موقع پر ای این آئی کے وسط ایشیائی خطے کیلئے ایگزیکٹو نائب صدر نے وزیراعظم کو ای این آئی کی ملک میں تلاش و پیداوار کے شعبے میں سال 2000 سے کی جانے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان سے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی ۔جس میں دونوں رہنماؤ ں کے درمیان دینی و دنیاوی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مزید :

صفحہ اول -