خارجہ تعلقات کے فروغ کیلئے عربوں کو شکار کے ویزے دیتے ہیں ، شاہ محمود

خارجہ تعلقات کے فروغ کیلئے عربوں کو شکار کے ویزے دیتے ہیں ، شاہ محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خارجہ تعلقات میں فروغ کے پیش نظر عرب شخصیات کو پاکستان میں شکار کے ویزے دئیے جاتے ہیں اور یہ پالیسی جاری رکھی گئی ہے کیا تعلقات کو فروغ نہ دیں۔اس امر کا اظہار وزیر خارجہ نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے استفسار پر کیا ۔انھوں نے کہا کہ مختلف ممالک بالخصوص دیرینہ دوست ممالک سے تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جاتے ہیں۔ پاکستان عرب ممالک سے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ عرب شیوخ کو پاکستان میں شکار کی اجازت نامے دیے جاتے ہیں تو ایسا دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا مقصود ہے کیا ہم پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط نہ کریں ۔دوسری طرف اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ہفتہ کے روز کابل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ افغان قیادت سے دیر پا امن اور سیاسی مفاہمت کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
شاہ محمودقریشی

اسلام آباد(آئی این پی ) پا کستان اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کی ریکوری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ، دونوں ممالک نے علاقائی سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی شعبوں، منظم جرائم، منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی ریکوری، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس دوران پاک، برطانیہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر تبادلہ خیال اور معاہدے کی جلد توثیق پر اتفاق کیا گیا جب کہ دونوں ممالک کے سٹریٹجک مذاکرات کا چوتھا دور2019ء کی پہلی سہ ماہی میں لندن میں کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس کے علاوہ پاک برطانیہ وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی شعبوں، منظم جرائم، منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی ریکوری، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات حوصلہ افزا ہیں، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے، بہت سی ملائیشین کمپنیاں، پاکستان میں تعمیرات، سٹرکچر بلڈنگ ، ایجوکیشن، ایئرپورٹ، رئیل سٹیٹ، حلال غذا، زراعت اور دوسرے کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے نفع اٹھا رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشیا کی ای کامرس سے وابستہ معروف کمپنی سسکام برھد کے سربراہ داتو سری لیو آریانیا کام نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔سسکام برھد کے سربراہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنی کمپنی کی تفصیلات سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی ای کامرس اور ای سلوشنز کے بزنس سے وابستہ ہے اور دنیا بھر میں ان کے 20 کروڑ سے زیادہ صارفین ہیں۔ اس موقع پروزیر خارجہ نے کہا ملائشیا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات حوصلہ افزا ہیں جنہیں ہم مزید آگے لے جانا چاہتے ہیں۔
وزیرخارجہ

مزید :

صفحہ آخر -