ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری کا طوفان ،تمام وزراء پاس ہوگئے ،سراج الحق

ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری کا طوفان ،تمام وزراء پاس ہوگئے ،سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے حکومت نے وعدوں کی سنچری مکمل کر لی ہے ۔ کارکردگی کے بورڈ پر سکور کی ضرورت ہے ۔ وعدوں سے غریب کا پیٹ نہیں بھرتا، اس کے لیے خوشحالی چاہیے ۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان آیا ہوا ہے اور تمام وزراء ٹیسٹ میں پاس ہو گئے ہیں۔ حاجی اور قاضی نے ایک دوسرے کو امتحان میں پاس کیا ہے۔ پاکستان کو بیرونی دشمن سے زیادہ آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے۔ آستین کے سانپوں نے ہی تمام قومی ادارے تباہ کئے، پاکستان کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو مسلمانوں کی رہنمائی کریں، نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں، طلبہ نے قائداعظم کے ساتھ مل کر پاکستان بنایا تھا اور طلبہ ہی ملک کو چیلنجز سے نکالیں گے ۔ وہ منگل کو اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ ’’رائزنگ راولپنڈی ایکسپو‘‘ سے خطاب کررہے تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ پاکستان کی خوبصورتی پرعزم اور پرجوش طلبہ و طالبات کی وجہ سے ہے۔ پاکستان میں سوا دو کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ 80 ہزار لوگ ہر سال کینسر کا شکار ہوتے ہیں۔ پانچ لاکھ یرقان سے مرتے ہیں۔ 33فیصد آبادی بلند خلفشار خون کے مرض کی شکار ہے جبکہ 89فیصد پاکستانی صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔ ایسے ماحول میں جن طلبہ کو تعلیمی اداروں میں پڑھنے کا موقع ملا ہے ان کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریے کا نام ہے یہ صرف صوبوں کا مجموعہ نہیں ۔ طلبہ نے قائداعظم کی قیادت میں پاکستان بنایا تھا اور اب اس کو محفوظ بنانے کے لئے طلبہ نے ہی کردار ادا کرنا ہے۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -