13 کلوگرام سونا پہننے والا ویت نام کا تاجر
ہنوئی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک بیرل تیل سے کاروبار شروع کرنے والے ویت نام کے 36 سالہ تاجر ٹران فیوک سوشل میڈیا میں اس لیے مشہور شخصیت بن گئے ہیں کیونکہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں 13 کلو سونا پہن کر جاتے ہیں اور ان کے ساتھ 5 محافظ بھی ہوتے ہیں۔ویت نام کے سوشل میڈیا میں یوٹیوب ویڈیوز سامنے آنے کے بعد فیوک کی سونے کی بڑی ہار، بریسلٹ اور انگھوٹھیاں پہنے ہوئے تصاویر عام ہوگئیں اور اب تک لاکھوں افراد شوشل میڈیا میں ان کی ویڈیوز اور تصاویر کو دیکھ چکے ہیں۔ویت نامی تاجر نے اعتراف کیا کہ وہ ان زیورات کو پہن کر اب عادی ہوچکے ہیں لیکن یہ ان کے لیے بہت قیمتی ہیں کیونکہ سونے کے باعث ان کی عزت اور قسمت چمک گئی ہے۔فیوک نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کے موجودہ زیورات میں سونے کی ہار اور اس سے جڑا تمغہ جس میں گھوڑا بنا ہوا ہے اور اس کا وزن 5 کلوگرام ہے، اسی طرح 2 بریسلٹ کا وزن بھی 5 کلوگرام ہے اور انگوٹھیوں کا وزن 500 گرام ہے اس کے علاوہ سونے کا ایک ویسٹ بینڈ بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ انہی چیزوں پر اکتفا نہیں کریں گے بلکہ سونے کی ٹوپی اور قمیص کے آرڈر کا بھی منصوبہ بنارہے ہیں جو موجودہ چیزوں کے ساتھ شامل ہوں گی۔فیوک نے اعتراف کیا کہ 13 کلو گرام سونا پہن کر چلنا ان کے لیے مشکل کا م ہے تاہم اگر تھک جاتے تو اتار بھی دیتے لیکن اب وہ اس کے عادی ہوچکے ہیں حالانکہ 5 کلو وزنی ہار ان کے گردن کو جھکا دیتی ہے۔