پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت آمر وں کی بی ٹیم ہے ،نثار کھوڑو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت آمر ضیاء الحق اور پرویز مشرف کی بی ٹیم ہے جو کہ ملک کو آمرانہ طرز پر چلا رہی ہے اس لئے پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے سمیت ہر آپشن استعمال کرسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکریٹریٹ کراچی میں شہید بینظیر بھٹو کی گیارہویں برسی اور گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسے کے انتظامات کے متعلق پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ میں دو تہائی اکژیت حاصل کرنے یا استعفیٰ سے بچنے اوراپنی ناکامی چھپانے کے لیئے قبل ازوقت انتخابات کی باتیں کر رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے تاہم عوام وفاقی حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لیے تیار نظر آرہے ہیں اس لیے پیپلز پارٹی قبل ازوقت انتخابات کی حمایت کریگی ۔انھوں نے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن اپنی ماضی کی ناقص کارکردگی پر قوم سے معافی مانگیں اور سیاسی جماعتوں کو گارنٹی دی جائے کہ نئے انتخابات لاڈلی جماعت کواکثریت سے منتخب کرانے والے نہیں مگر شفا ف ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ ملک پر قرضوں کا بوجھ 12سوارب تک پہنچ چکا ہے اور پیٹرول،ڈیزل، ڈالر،بجلی،گیس مہنگی ہونے کی وجہ سے عوام کی زندگی عذاب میں مبتلا ہوچکی ہے اور وفاقی حکومت عوام کو انڈوں اور مرغیوں کا کاروبار کرنے کا شوشہ دے کر عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ملک میں شفاف انتخابات ہونے کی صورت میں اس عوام دشمن وفاقی حکومت سے نجات ملنی چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی کرنے کی باتیں ایڈہاک ازم اور آمرانہ سوچ ہے۔نثار کھوڑونے کہاکہ یو ٹرن کو جائز قرار دینے والے قوم سے دھوکہ کر رہے ہیں اور پیپلز پارٹی عوام کے ایشوز پر آواز اٹھاتی رہے گی۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو مقدمات اور جیلوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا کیونکہ پیپلز پارٹی کی قیادت احتساب کے نام پر آمروں کے دور سے انتقام کا مقابلہ کرتے آئی ہے اس لیے اگر شفاف احتساب کرنا ہے تو وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان اور وفاقی وزراء کا بھی احتساب کیا جائے ۔