قانون سازی ،سپیکر قومی اسمبلی کا حکومت اور اپوزیشن سے رابطوں کا آغاز

قانون سازی ،سپیکر قومی اسمبلی کا حکومت اور اپوزیشن سے رابطوں کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن سے باقاعدہ رابطوں کا آغاز کر دیا۔سپیکر قومی اسمبلی سے وزراء سے طویل ملاقات ہوئی جس میں قانون سازی سے متعلق مشاورت کی گئی۔سپیکر اسد قیصر نے وزراء کو اپوزیشن سے رابطوں کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جمہوریت کا حسن ہیں، قائمہ کمیٹیوں کے قیام میں تمام رکاوٹوں کو ختم کرنا میری اولین ترجیح ہے ،امید ہے کہ رواں اجلاس میں کمیٹیوں کے قیام میں رکاٹیں ختم ہو جائیں گی۔منگل کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہواجس میں وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، وفاقی وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم، وزیر امورکشمیر علی امین گنڈاپور ، وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری ، چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر اور پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکاعلی بخاری نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران قانون سازی کے عمل کو فوری اور موثر بنانے کے لیے شرکاء مجلس نے اپنی اپنی تجاویز بھی دیں۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنے مسائل حل کرنے کے لیے ایوان تک پہنچایا ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قانون سازی ایک واحد ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کے قیام میں موجود تمام رکاوٹوں کو ختم کرنا میری اولین ترجیح ہے کیونکہ قائمہ کمیٹیاں ایوان میں قانون سازی کی اصل روح ہیں۔اسدقیصر نے کہا کہ میں پرُ اُمید ہوں کہ رواں اجلاس میں کمیٹیوں کے قیام میں تمام رکاٹیں ختم ہو جائیں گی۔ میر ی یہ کوشش ہو گی کہ باہمی مشاورت سے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کی سوچ کو یکجا کیا جائے ۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے شرکاء نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ایوان میں ماحول کو خوشگورارکھنے کے لیے بھی تجاویز دیں ۔
قانون سازی؍ سپیکر