کراچی میں دہشت گردی اور کرائم میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے،ڈاکٹر جمیل احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ٹیکنیکل اینڈ ٹرانسپورٹ ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں دھشت گردی اور کرائم کے واقعات میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور موثرکنٹرول کیا گیا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔ وہ گارڈن پولیس ہیڈ کواٹر میں ٹیلی کمیونیکیشن پولیس کے ترقی پانے والے 84افسران کو رینک لگانے اور بڑا کھانا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اے ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی عرفان مختار بھٹو، اے آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن طارق مغل ، اے آئی جی ایم ٹی خاور اکبر شیخ، ایس پی ہیڈ کواٹر گارڈن منظور کھٹیان و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی ٹیکنیکل اینڈ ٹرانسپورٹ ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ پولیس کے ٹیلی کمیونیکیشن کے افسران کو سو فیصد میرٹ پر ترقیاں دی جاتی ہیں اور اسی فارمولے پر عمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا میں پولیس میں جزاء زیادہ دیتا ہوں سزاء صرف انہیں دیتا ہوں جو سزاء کے قابل ہوتے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ڈاکٹر جمیل احمد نے ترقی پانے والے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کو پوری طرح ادا کریں کیونکہ فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اے آئی جی ایم ٹی سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ بھی ایم ٹی کے ایسے جوانوں و افسران کی فہرست مرتب کریں ترقی جن کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ایم ٹی کے جوانوں و افسران کی ترقیاں بھی دی جائیں گی۔ اور جلد ہی ڈی پی سی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور جوان ہم سب ایک فیملی کا حصہ ہیں۔ ہمارے جوان ہماری فیملی کا حصہ ہیں۔علاوہ ازیں ڈی آئی جی ٹیکنیکل اینڈ ٹرانسپورٹ ڈاکٹر جمیل احمد نے دیگر افسران اے ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ایڈمن عرفان مختار بھٹو ، اے آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن طارق مغل ، اے آئی جی ایم ٹی خاور اکبر شیخ اور ایس پی ہیڈ کواٹر گارڈن منظور کھٹیان کے ہمراہ ترقی پانے والے ٹیلی کمیونیکیشن کے 35 اسسٹنٹ سب انسپکٹرکو سب انسپکٹر اور 49ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے رینک لگائے۔ ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ڈاکٹر جمیل احمد نے ترقی پانے والے ٹیلی کمیونیکیشن افسران کو مبارکباد دی۔ بعد ازاں بڑا کھانا کا اہتمام کیا گیا ۔