پہاڑوں کاعالمی دن، ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد

پہاڑوں کاعالمی دن، ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان کی ہدایت پر صوبے کے نئے سیاحتی مقامات کی آباد کاری اورپہاڑوں کے عالمی دن کی مناسبت سے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواکے زیراہتمام سوات کے نئے سیاحتی مقام گبین جبہ تک موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، موٹرسائیکل ریلی ٹورازم کارپوریشن کے نئے سیاحتی مقام بشی گرام میں لگائے گئے کیمپنگ پاڈز سے روانہ ہوئی اور گبین جبہ کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ ریلی کے شرکاء نے واپسی پر منگورہ سوات میں سوات پبلک سکول کے طلباء کو لیکچر دئیے، اس موقع پر جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹی سجاد حمید مہمان خصوصی تھے، ان کے ہمراہ ایس پی ایس سکول اور موٹر بائیک کلب 46 کے لیڈرمانی افتخارسمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، پہاڑوں کے عالمی دن منانے کی مناسبت سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر ایڈمن سجاد حمید نے کہاکہ سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کی ہدایت پر ٹورازم کارپوریشن صوبے کے نئے سیاحتی مقامات کی تلاش اور ان کی آباد کاری کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے،منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہر سال 4 نئے سیاحتی مقامات آباد کرینگے، گبین جبہ بھی صوبے کے نئے سیاحتی مقامات میں شامل ہے اور اس جانب ریلی کے انعقاد کا مقصد سیاحوں کو اس نئے سیاحتی مقام کی جانب راغب کرنا ہے،پہاڑوں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد پہاڑوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے،پہاڑوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں وہاں صفائی کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے، بائیکر ریلی کے لیڈرمانی افتخار نے کہاکہ سیاحت کو فروغ دینے سے ملکی معیشت بھی بہتر ہوگا،طلباء کو لیکچر دیتے ہوئے انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ جب بھی وہ پہاڑی مقامات کا دورہ کرے تو اپنے ساتھ جو اشیاء لے جائیں تو ان کے ریپیر اور دیگر غیر ضروری اشیاء وہاں پر پھینکنے کی بجائے اسے اپنے ساتھ لے آئے تاکہ پہاڑوں کی خوبصورتی متاثر نہ ہو۔