افغان مہاجرین بارے جامع پالیسی بنانے پر کام جاری ، نقل وحرکت پر کوئی پابندی نہیں ، اجمل خان وزیر

افغان مہاجرین بارے جامع پالیسی بنانے پر کام جاری ، نقل وحرکت پر کوئی پابندی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر افغان مہاجرین کے حوالے سے جامع پالیسی بنانے پر کام جاری ہے۔ مہاجرین کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں تا ہم مہاجرین کی آڑ میں موجود جرائم پیشہ عناصر اور سہولت کاروں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ وہ مقامی ہوٹل میں سوسائٹی فا ر ہیومن رائٹس اینڈ پریزنرز ایڈ(شارپ) کے زیر اہتمام افغان بچوں کو شہریت کے حقوق دینے کے موضوع پر منعقدہ ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے ڈائیلاگ سے سینیٹر مولانا راحت حسین اور سابق سینیٹروں افراسیاب خٹک، فرحت اللہ بابر، رکن صوبائی اسمبلی محترمہ ثمر بلور، کمشنر افغان کمشنریٹ عباس خان، سابق ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار اور شارپ کے چیف ایگزیکٹیو لیاقت بنوری ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ پاکستان چالیس سال سے افغان مہاجرین کی فراخدلانہ انداز سے میزبانی کر رہا ہے مہاجرین کی سب سے بڑی تعاد یعنی 60فیصد کا بوجھ ہمارا صوبہ اٹھا رہا ہے ۔ مہاجرین کے خاندانوں کو ہمارے ہسپتالوں میں علاج معالجے اور سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم کی سہولتیں میسر ہیں۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ پاکستان انسانی بنیادوں پر لاکھوں افغان مہاجرین کی ذمہ داری اٹھا رہا ہے۔ ہمارے اپنے مھدود وسائل ہیں لیکن ہم نے کبھی وسئل کو آڑے نہیں آنے دیا۔ اب عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی واپسی اور آباد کاری کے لیے پاکستان کی مدد کرے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے ڈائیلاگ اور مشاورتی محافل میں سامنے آنے والی تجاویز اور آراء کو مجوزہ مہاجرین پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔ موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں عوامی حکومت ہے جو تمام پالیسیاں بناتے وقت عوامی رائے کو مد نظر رکھنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ڈائیلاگ میں شامل دانشوروں اور عوامی نمائندوں کی تجاویز کو پالیسی بناتے وقت مد نظر رکھا جائے گا۔