تورڈھیر ،عوام کو لوٹنے والا بین الصوبائی راہزن گروہ کا سرغنہ گرفتار
تورڈھیر(نمائندہ خصوصی) تین ہفتے قبل پٹرول پمپ مالک کودن دیہاڑے لوٹنے والا بین الصوبائی راہزن گروہ کا سرغنہ گرفتار،ملزم کے قبضہ سے سرقہ شدہ اسکے حصے کی رقم ڈھائی لاکھ روپے اورپستول برآمد، ملزم کا اعتراف جرم، گرفتارملزم کی نشاندہی پرگروہ میں شامل دیگر تین ملزمان کی بھی شناخت ہوگئی، ملزم سے مزیدتفتیش جاری ہے گروہ کے دیگر اہم وارداتوں کابھی انکشاف متوقع ہے، تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سرکل لاہورمحمد اقبال نے ایس ایچ او تھانہ لاہور جوادخان، ایڈیشنل ایس ایچ او شہنشاہ خان، پی ایس او عامر خان اورتفتیشی آفیسر ہدایت اللہ خان کے ہمراہ منگل کے روز اپنے آفس میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا ہے کہ چندروز پہلے16 نومبر کو اٹک پٹرول پمپ چھوٹالاہورشاخ کے مالک گوہر علی سکنہ لاہورکوزکریاشاخ پر دن دیہاڑے نامعلوم مسلح راہزنوں نے اسکی چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے زبردستی روک دیا تھا اورپٹرول پمپ مالک سے دس لاکھ روپے نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین کر فرارہوگئے تھے واقعہ جب ڈی آئی جی مردان ریجن اورڈی پی او صوابی سیدخالد ہمدانی کے نوٹس میں آیا تو انہوں نے ڈی ایس پی سرکل لاہور کی نگرانی میں نامعلوم راہزنوں کو ٹریس کرکے فوری گرفتاری کی سختی سے ہدایات جاری کردیں چنانچہ پولیس تھانہ لاہور کے آفیسرز نے ٹیکنیکل اورپیشہ ورانہ تجربات کی بنیاد پر اندھی واردات کا کھوج لگانے کیلئے شب وروز کوششیں شروع کردیں پیرکے روز مخبر کی اطلاع پر جگناتھ جلسئی روڈپروقوعہ کے مرکزی کردارکے حامل ملزم کی موجودگی کی نشاندہی ہونے پر چھاپہ زنی کی گئی جسے ڈرامائی اندازمیں گرفتارکرلیا گیا جسکے قبضہ سے سرقہ شدہ اسکے حصے کی رقم ڈھائی لاکھ روپے اورایک عدد تیس بور پستول بھی برآمد ہوگئی دوران تفتیش ملزم نے وقوعہ ھٰذامیں شامل دیگرتین ساتھیوں کے نام پتّے بھی اُگل دیئے جنکی گرفتاری کیلئے پولیس کی کوششیں جاری ہیں ملزم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پٹرول پمپ مالک گوہر علی کیساتھ پمپ میں ملازمت کرنے والے عمر نامی شخص نے پٹرول پمپ مالک کولوٹنے میں ہماری معاونت کی تھی۔