شارجہ میں پی پی پی کا 51 واں یوم تاسیس منایا گیا

شارجہ میں پی پی پی کا 51 واں یوم تاسیس منایا گیا
شارجہ میں پی پی پی کا 51 واں یوم تاسیس منایا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان کی وہ واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے ملک میں آمریت کے خلاف اور بحالی جمہوریت کے لئے سب سے زیادہ قربانیں دی ہیں۔ اس سلسلے میں بھٹو خاندان سرفہرست ہے جنہوں نے استحکام پاکستان اور ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا، مصائب، برداشت کئے، سختیاں جھیلیں اور جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے۔ پی پی پی نے مختلف ادوار حکومت میں پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہت سے کام کئے جن سے آج بھی خلق خدا فائدہ اٹھارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے 51 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پی پی پی امارات کے رہنماﺅں نے اپنے خطاب میں کیا۔ پی پی پی کے یوم تاسیس کے موقع پر سید جاوید حسین شاہ، میاںمنیر ہانس، سردارجاوید یعقوب، ملک خادم شاہین، راشد چغتائی، ذوالفقار مغل، انیس الرحمن، شفیق صدیقی، رضوان عبداللہ، چودھری محمد ناصر، شیریں درانی اور قاسم بلوچ کے علاوہ متعدد جیالے موجودتھے۔مقررین نے دوران خطاب مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹوغریبوں کے صحیح ہمدرد تھے۔ جنہوں نے غریب آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے حتی المقدور کوشش کی۔

غریبوں اورمزدوروں کو ان کے بنیادی حقوق دلائے اور عام آدمی کو جینے کا ڈھنگ سکھایا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور میں ایک عام آدمی کے لئے بیرون ملک روزگار کے دروازے کھولے جس سے ملک میں خوشحالی آئی۔ عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوا اور ملکی معیشت کو بھی سہاراملا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ان کی صاحبزادی محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے دور حکومت میں اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھایا اورملک و قوم کی بہتری کے لئے متعددکام کئے جو آج بھی نظر آرہے ہیں۔

مقررین نے کہاکہ بھٹو خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں تاریخ انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ عصرحاضر میں ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹوکا مشن آگے بڑھانے کے لئے بلاول بھٹو زرداری میدان عمل میں ہیں۔جن سے پاکستان کے عوام کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ پی پی پی کے جیالوں نے کہا کہ ہم کل بھی پی پی پی اور اپنے قائدین کے ساتھ تھے آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ ہماری زندگی کا مقصد بھٹو کے ادھورے مشن کو آگے بڑھانا ہے جو ہم بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آگے بڑھائیں گے۔ پی پی پی کے 51 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا، ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی اور پاکستان کی سالمیت و تحفظ کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔

مزید :

عرب دنیا -