قومی اسمبلی اجلاس میں گرما گرمی، مراد سعید نے جوش خطابت میں این آر او مانگنے والے کا بتا دیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت برائے مواصلات مرادسعید نے کہا ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے،ایوان کی رائے ہے جس نے بھی عوام کا پیسا لوٹااسے ڈی چوک میں پھانسی دے کراس کی جائیداد نیلام کی جائے،کیا اپوزیشن کرپشن سے متعلق اس قرار داد سے اتفاق کرتی ہے ،اگر آپ نے حلال کی کمائی کی ہے تو ثبوت دیں،بات ہی ختم ہوجائیگی ۔
قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران مراد سعید نے کہا کہ ہم سے ن لیگ کے7رہنماؤں نے این آر او مانگاتھا،جو پہلا بندہ این آر او کےلئے آیا وہ آج بھی اس ایوان میں موجود ہے ،وزیر مملکت کا کہناتھا کہ میں قوم سے وعدہ کرکے آیا ہوں کہ پاکستان سے کرپشن ختم کرنی ہے، احتساب کا عمل مجھ سے شروع کریں میں جواب دینے کےلئے تیار ہوں ۔
مراد سعید نے کہا کہ ہم توقع کررہے تھے کہ آج ایوان میں عوامی مسائل اٹھائے جائیں گے،بتایاجائے کہ کیا اپوزیشن لیڈر پرکیسز ہمارے دور میں بنے ؟کیا صاف پانی ،ملتان میٹرو اور دیگر کیسز بڑے سکینڈل نہیں ،انہوں نے کہا کہ 1پروجیکٹ 2 ہزار ملین سے شروع ہوتا ہے، کنٹریکٹر کو 5 ہزار ملین سے زیادہ دیے جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹرمپ کی بات پر حکمران خاموش ہوجاتے تھے،عمران خان نے ٹرمپ کو جواب دیا۔