کیا فیس بک آپ کی باتیں بھی سنتی ہے؟ 23 سالہ لڑکی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ جان کرکوئی بھی گھبرا جائے

کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک)فیس بک کے متعلق اس انکشاف نے ہی صارفین کے دل دہلا دیئے تھے کہ وہ لوگوں کی انتہائی ذاتی معلومات اپنے پاس محفوظ کرتا ہے۔ اب ایک آسٹریلوی لڑکی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آ گیا ہے کہ سن کر لوگ فیس بک کے استعمال سے ہی خائف ہو جائیں۔ میل آن لائن کے مطابق سڈنی کی 23سالہ ایڈیلیڈ بریسی نامی اس لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے یہ پتا چلتا ہے کہ فیس بک سمارٹ فونز کے ذریعے لوگوں کی گفتگو بھی سنتی ہے۔
بریسی نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز اچانک اسے فیس بک پر ایسی مصنوعات کے اشتہارات نظر آنے لگے جن کے متعلق اس نے کبھی انٹرنیٹ پر سرچ نہیں کیا۔ ایک روز قبل وہ اپنی ایک دوست کے ساتھ ان مصنوعات کے بارے میں بات کر رہی تھی جس کے اگلے ہی روز فیس بک کی طرف سے ان مصنوعات سے متعلقہ اشتہارات دکھائے جانے لگے۔ میں یہ تو جانتی تھی کہ ہم انٹرنیٹ پر جن اشیاءکے متعلق سرچ کریں فیس بک کو ان کے بارے میں معلوم ہوتا ہے اور اسی مناسبت سے ہمیں اشتہارات دکھاتی ہے لیکن ان کی طرف سے ہماری باتیں سننے کا انکشاف ہولناک ہے۔
یہ معاملہ چند سال قبل بھی سامنے آیا تھا، تب 2016ءمیں فیس بک کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ”ہم صارفین کی کسی بھی طرح کی گفتگو نہیں سنتے۔ صارفین کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ فیس بک کی ایپلی کیشن کو اپنے فون کا مائیکروفون استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں یا نہیں۔ ایپلی کیشن کے بعض فیچر ایسے ہیں جن کے استعمال کے لیے ایپ مائیکروفون استعمال کرنے کی اجازت مانگنی ہے۔ تاہم یہ کلی طور پر صارف پر منحصر ہے کہ وہ اس فیچر کو استعمال کرنا اور کمپنی کو مائیکروفون استعمال کرنے کی اجازت دینا چاہتا ہے یا نہیں۔“