وزیر اعظم عمران خان آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے: وفاقی وزیر علی محمدخان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر علی محمد خان نے کہا ہے کہ 2019کا سورج طلوع ہونے سے قبل چیئر مین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا مسئلہ حل ہوچکا ہوگا ، پارلیمان کابنیادی کام قانون سازی ہے,وزیر اعظم عمران خان آج قومی اسمبلی میں آئیں گے ۔
جیونیوزکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہاہے کہ پارلیمان کا بنیاد ی کام قانون سازی ہے ، حکومت اور اپوزیشن کوبھی اس کااحساس ہے ، مجھے امیدہے کہ بہت جلدپبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کاحل نکل آئے گا ، ہمارا ایک اصولی موقف ہے اور اس پر اپوزیشن نے بھی سٹینڈ لیا ہوا ہے اور راستہ نکالنا ہے ، سیاستدان وہ ہی ہے جو جنگل سے راستہ نکال لے ۔
انہوں نے کہا کہ 2019کا سورج طلوع ہونے سے قبل پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئر مین کا مسئلہ حل ہوچکاہوگا ۔ وزیر اعظم عمران خان کے قومی اسمبلی میں آنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ عمران خان آج قومی اسمبلی میں آئیں گے،وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے ایوان میں آنے اور گفتگو کرنے سے جمہوریت مضبوط ہو تی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ مراد سعید این آر او مانگنے والوں کانام مناسب وقت پرسامنے لے آئیگا کیونکہ جس مراد سعید کو میں جانتاہوں ، وہ جھوٹ نہیں بولتا ۔