راولپنڈی ٹیسٹ ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری میچ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا ، وجہ بار ش نہیں بلکہ ۔۔۔

راولپنڈی ٹیسٹ ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری میچ وقت سے پہلے ختم کر ...
راولپنڈی ٹیسٹ ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری میچ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا ، وجہ بار ش نہیں بلکہ ۔۔۔

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان اور سری لنکاکے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کا دوسرے روز کا کھیل وقت سے پہلے ہی کم روشنی کے باعث ختم کر دیا گیاہے ، اب تک سری لنکا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 263رنز بنا لیے ہیں ۔

گزشتہ روز بھی کم روشنی کے باعث میچ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا تھا تاہم آج صبح سری لنکا نے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو بارش نے کھیل رکوا دیا اور اس وقت تک سری لنکا نے 222 رنز بنا لیے تھے تاہم بارش رکنے کے بعد میچ کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا لیکن ایک مرتبہ پھر سے روشنی کم ہو گئی جس کے باعث میچ کو ختم کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان اور 202 رنز سے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا اور ابھی 20 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ کو روک دیا گیا اور پچ کو کور کر دیا گیا۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بھی میچ اپنے وقت سے کچھ دیر پہلے کم روشنی کے باعث ختم کر دیا گیا تھا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ابتدائی سیشن تک درست ثابت ہوا اور سری لنکن اوپنرز نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ سری لنکا کی جانب سے ڈیموتھ کرونارتنے نے 59 رنز بنائے جبکہ اوشاڈا فرنینڈو نے 40، کوشل مینڈس نے 10، دنیش چندی مل نے 2 اور اینجلو میتھوز 14 رنز بنائے ، ڈیکویلا 33 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔دھنانجیادی سلو 72 رنز اور پریرا 2 سکور کے ساتھ وکٹ پر موجود ہے ہیں۔

کھیل کے ابتداءمیں ناکامی کے بعد پاکستانی فاسٹ باولرز نے کھیل میں واپسی کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے دو ،دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عباس، اور عثمان خان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان، عثمان شنواری، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

سری لنکن ٹیم کی قیادت ڈیموتھ کرونارتنے کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشاڈا فرنینڈو، کوشل مینڈس، دنیش چندی مل، اینجلو میتھیوز، دھنانجیا دی سلوا، نیروشن ڈیکویلا، دلرووان پریرا، ویشوا فرنینڈو، کسون راجیتھا اور لاہیرو کمارا شامل ہیں۔

مزید : کھیل