”میں یہاں بیٹھا ہوں، آپ کو نظر آ رہا ہوں“ صحافی کی بات پر شاہین آفریدی نے ایسا دلچسپ جواب دیا کہ کمرہ قہقہوں سے گونج اٹھا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈ میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن بارش اور خراب روشنی کے سبب پورے دن کھیل تو نہ ہو سکاالبتہ شاہین شاہ آفریدی اور نیروشن ڈیکویلا کی پریس کانفرنس کے دوران قہقہوں ضرور لگتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے روز کھیل کے اختتام پر جب مقامی صحافی نے شاہین آفریدی سے سوال کے دوران انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں بیٹھا ہوں آپ کو نظر آرہا ہوں ، اور پھر طویل سوال کیا لیکن جب شاہین آفریدی کے جواب کی باری آئی تو فاسٹ باﺅلر نے جواب سے پہلے صحافی سے کہا کہ اپنے اوپر لگی لائٹ تھوڑا اپنے اوپر ڈال لو ، واضح ہو جاﺅ گے۔ شاہین کے اس غیر متوقع انداز پر پریس کانفرنس کے آغاز پر ہی کمرہ قہقہوں سے گونج اٹھا۔
اس کے کچھ دیر بعد شاہین شاہ آفریدی سے سوال ہوا کہ ڈریسنگ روم میں کوچ اور فاسٹ باﺅلنگ کوچ سے آپ کے تعلقات کیسے ہیں؟ تو شاہین نے کہا اگلا سوال کیجیے، لیکن میڈیا منیجر رضا راشد کی درخواست پر شاہین نے پریس کانفرنس ختم کرنے سے قبل صحافی کے اس سوال کا جواب بھی دے دیا۔
شاہین شاہ آفریدی کے بعد سری لنکا کے وکٹ کیپر نیروشن ڈیکویلا آئے جنہیں ڈی سلوا کہہ کر جب صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ میرا نام ڈی سلوا نہیں بلکہ ڈیکویلا ہے، جس پر تمام صحافی ہنس پڑے۔