ملک معاشی بدحالی سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا،سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے :قاسم سوری

ملک معاشی بدحالی سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا،سرمایہ کاری میں اضافہ ...
ملک معاشی بدحالی سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا،سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے :قاسم سوری

  



کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نےکہاہےکہ ملک معاشی بدحالی سےنکل کرترقی کی راہ پرگامزن ہوگیااورڈالرکےمقابلے میں روپے کی قدر میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے،عالمی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیو ں کو مثبت قرار دے رہےجبکہ سرمایہ کاری میں اضافہ  ہورہاہے،سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس تیزی سے بڑھ رہے ہیں، معیشت کے حوالے سے بھی مثبت اشارے دیئے جارہے ہیں۔

وزیراعظم کےکامیاب نوجوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئےقاسم سوری نے کہا کہ موجودہ حکومت کومسائل ورثے میں ملے ہیں،سابقہ ادوار میں حکومتوں کو صرف قرضوں کےبل بوتے پرچلائےجاتےتھے،طویل المدت پالیسیوں کافقدان تھا،اِسی وجہ سے ہمارے ادارے کمزور اور معیشت مستحکم نہیں ہورہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق معاشی ٹیم نے محنت اور لگن کے ساتھ دن رات ایک کرکے پالیسیاں بنائیں اور انہیں سسٹم میں لانے کے لئے قوانین بنائے،15ماہ کی مختصر مدت میں ملک کو سارے مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، پاکستان واحد خوش قسمت ملک ہے جس کی آبادی 68فیصد نوجوانوں پر مشمل ہے،ہمارے نوجوان ملک کا سرمایہ اور نوجوان طبقہ ہی ملک کی ترقی وخوشحالی میں مثبت کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کامیاب پروگرام کا فائدہ اٹھاکر اپنے لئے روزگار کے مواقع پید اکرسکتےاور اپنے روزگار کو وسعت دے سکتے ہیں،موجودہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے سنجیدہ ہے اورنوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں حکومت نے اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ایک لاکھ سے پانچ لاکھ اور پانچ لاکھ سے پچاس لاکھ تک کم سود پر قرضے فراہم کررہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ روزگار کے حوالے سے نوجوانوں کو فنی مہارت کے مواقع فراہم کررہی ہیں ، موجودہ حکومت نے غربت کے خاتمے کے لئے احساس پروگرام شروع کیا ہے اور اس کے لئے 80 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

مزید : علاقائی /بلوچستان /کوئٹہ