بے نظیر بھٹوکے یوم شہادت پرلیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ جلسہ عام کی بھرپور تیاریاں شروع
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) بے نظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کی بھرپور تیاریاں شروع ہو گئیں، پی پی پی راولپنڈی سٹی دفتر کو کیمپ آفس بنا لیا گیا،مرکزی رہنما روزانہ کی بنیاد پرجلسہ کے حوالے سے پارٹی عہدیداران سے مشاورت کرینگے، سیدنیر بخاری کل نماز جمعہ کے بعدکیمپ آفس میں کارکنوں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پی پی پی ایک خاندان کی مانند ہے،بلاول بھٹو قائد عوام اور بے نظیر بھٹو کی سیاسی میراث کے امین ہیں ،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار کارکنوں کو اہم عہدے دیئے جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین اور عام طبقات کے لئے اہم اقدامات اٹھائے،اس باربی بی شہید کا یوم شہادت پنڈی میں منانے کا فیصلہ سیاسی طور پر بڑا فیصلہ ہے جلسہ سیاست کا رخ موڑ دے گا ۔سید نیر بخاری نے کہا کہ ملک بھر اور بالخصوص راولپنڈی کے جیالے بے نظیر بھٹو کے لخت جگر چیرمین بلاول بھٹو کے جلسے کو تاریخی بنائیں گے،بی بی شہید کے یوم شہادت پر چیرمین بلاول بھٹو مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے پارٹی کارکن جلسہ کو یادگار بنانے کیلئے اپنی پوری توانائیاں استعمال میں لائیں۔