ہماری قیادت کل کرپٹ تھی نہ آج،سازشی عناصر پاکستان سےبےنظیر بھٹو کا نام ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں:بلاول بھٹوزرداری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں شہید بے نظیر کا نام مٹانے کی کوشش کی جاتی ہے، اسلام آبادایئرپورٹ کےنام سےشہید بینظیرکانام ہٹایا گیا، بے نظیر کا نام سازشی لوگ مٹانے اور ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں،وہ سمجھتے ہیں کہ اِس طرح کےاوچھے ہتکھنڈوں سے لوگ انہیں بھول جائیں گے۔
بے نظیر بھٹو سے متعلق کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے خاندان میں جب کسی کا انتقال ہوتا تو میری والدہ اس کی بائیوگرافی لکھتی تھیں، شہید محترمہ کی شہادت ہوئی تو لوگوں نے توقع کی کہ میں اُن پر کتاب لکھوں لیکن مجھ میں آج تک اتنا حوصلہ پیدا نہیں ہوسکا کہ میں اپنی والدہ پر کتاب لکھ سکوں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بی بی کی کہانی کو روکنے یا توڑنے مروڑنے کی کوشش کی گئی لیکن شہید بی بی کی کہانی کو کوئی نہیں رکوا سکتا، بینظیر بھٹو نے ثابت کیا کہ خواتین مردوں سے بہتر کام کرسکتی ہیں، بینظیر بھٹو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھاتی رہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ آج ہمارے لیے بہت اچھی خبر یہ ہے کہ میرے والد کی ضمانت ہوئی ہے، آج یہ کہتے ہیں کہ یوٹرن لیے بغیر لیڈر نہیں بن سکتے، جبکہ ہم نے یہ سیکھا ہے کہ اصولوں اور نظریے پر ڈٹے رہو، یوٹرن نہیں لو، سازش کے تحت جمہوریت پسند قیادت کی کردار کشی کی جارہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم پر یہ ذمہ داری ہے کہ دکھائیں، کرپٹ بھاگ جاتے ہیں، کرپٹ یوٹرن لیتے ہیں، جو اصولوں پرکھڑے ہوتے ہیں وہ خون دیتے ہیں،ہماری قیادت نہ کل کرپٹ تھی نہ آج، ہمیں سیاست اور معیشت میں خواتین کو ساتھ لے کر چلنا پڑے گا۔