جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی صلح کے بعد تحریک انصاف کے مزید دو بڑے رہنماﺅں کے د رمیان اختلاف ،عمران خان نے صلح کرادی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق اجلاس میں سیف اللہ نیازی اور عامر کیانی کے اختلافات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور وزیراعظم نے کہاکہ سیف اللہ نیازی اور عامرکیانی میں اختلافات ختم دیکھنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد سیکرٹری جنرل عامرکیانی اورچیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور کورکمیٹی نے دونوں کے تنظیمی اختیارات اور تعیناتیوں کا طریقہ کار طے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف اللہ نیازی اورعامرکیانی کے اختلافات ختم کرنے کے لیے کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ سیف اللہ نیازی وزیراعظم کے انتہائی قریبی ساتھی ہیں اور تحریک انصاف کے چیف ا?رگنائزر ہیں جبکہ عامر کیانی پارٹی کے جنرل سیکرٹری ہیں اور وفاقی وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے بھی تحریک انصاف کے دونوں قائدین کی صلح پر زور دیا۔