کوئی شکاری بیمار ہوکر شکار نہیں کرتا،بلاول وفاقی حکومت کی فکر چھوڑیں، اپنی خیر منائیں:حلیم عادل شیخ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما اور صوبائی پارلیمانی لیڈرحلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول وفاقی حکومت جانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں،سندھ حکومت کی خیر منائیں، کوئی شکاری بیمار ہوکر شکار نہیں کرتا، زرداری عدالت سے علا ج کے کرانے کے لئے رہا ہوئے ہیں،کپتان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کسی بھی کرپٹ سیاستدان کو نہیں چھوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آہستہ آہستہ سب کا صفایا ہورہا ہے،ہم کسی کو بے گھر ہونے نہیں دیں گے، حکومت سکھر متاثرین کو متبادل رہائش فراہم کرے، وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے اعلان کردہ 200ایکڑ زمین سکھر متاثرین کو تاحال نہیں دی گئی، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جھوٹے وعدے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، اس وقت ملک کے دشمن ملک میں فسادات کرانا چاہتے ہیں جو سازشیں کر رہے ہیں تمام تر سازشیں ناکام ہونگی، ملک مضبوط ہاتھوں ترقی کی راہ پر ہے۔عادل شیخ نے کہا کہ بلاول زرداری وفاقی حکومت جانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں،سندھ حکومت کی خیر منائیں، کوئی شکاری بیمار ہوکر شکار نہیں کرتا، زرداری عدالت سے علا ج کے کرانے کے لئے رہا ہوئے ہیں۔