مڈٹرم انتخابات کی صورتحال بنی تو پی ایس پی مکمل حمایت کرے گی:مصطفی کمال
حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک سرزمین پارٹی کےچیئرمین سیدمصطفی کمال نےکہاہےکہ اگرمڈٹرم انتخابات کی صورتحال بنی تو پی ایس پی مکمل حمایت کرے گی ، ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب جبکہ آنے والا کل مزید خراب ہے،ایم کیو ایم کی جانب سےکہاجاتاہےکہ صوبائی حکومت نےبلدیاتی اداروں کے اختیارات چھینے، 2013ء میں ایم کیوایم کی صوبائی حکومت میں تھی،گورنر آپ کا تھا،آپ نے ایک دستخط سے یہ اختیارات خود دیئے ہیں ۔
حسرت موہانی لائبری حیدر آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے مصطفیٰ کمال کاکہناتھاکہ حکومت دعوی کررہی ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہورہا ہے،موڈیز کی رپورٹ ہےکہ ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے لیکن عام غریب آدمی جو چارسو روپےکلو ٹماٹرخرید رہا ہے،اِس کی زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑرہا،مہنگائی 13فیصد سے تجاوز کرگئی ہے یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ چکی ہے،آنے والاسال زیادہ خراب ہونےجارہا ہے۔ اُنہوں نےکہاکہ قوموں کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں لیکن ملک کوچلانے والے اپنے عمل سے بتاتے ہیں کہ اُنہیں اس مشکلات حل کرنے کا ادراک ہے لیکن یہ حکومت کچھ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہیں ، صوبائی وزیر صحت کہہ رہی ہیں کہ کتے کو کچھ نہیں کہیں اپنے بچوں کو سنبھالیں، اب تک سندھ میں کتے کے کاٹے سے 35اموات ہوچکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ چند روز قبل ایم کیوایم کے لیڈران نے مردم شماری کے حوالے سے پریس کانفرنس کی ، ہم ڈیڑھ سال سے اس پر آواز بلند کررہے ہیں ، لاہور میں 3فیصد آبادی بڑھ رہی ہے وہاں کہیں اور جگہ سے لوگ آکر نہیں بستے، کراچی میں پاکستان کے کونے کونے سے لوگ آکر آباد ہوتے ہیں لیکن مردم شماری میں کراچی اور حیدرآبا دکی آبادی کو کم ظاہر کیا گیا ،پاکستان واحد ملک ہے جہاں آڈٹ کے بغیر مردم شماری کو فائنل کیا جارہا ہے،ہم ایم کیوایم سے معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ وہ مردم شماری کم ہونے کا مطالبہ کس سے کررہی ہے جبکہ وہ خود حکومت ہے ، ہر ہفتے وفاقی کابینہ کی میٹنگ میں ان کے دو وزیر خالد مقبول صدیقی اور فروغ نسیم بیٹھے ہوتے ہیں آپ حکومت میں بیٹھ کر کراچی اور حیدرآباد کی آبادی کو پاکستان میں شامل کرادیں ہم ہر چوک پر آپ کے خیر مقدمی بینرز لگائیں گے۔