قائد اعظم ٹرافی، خیبر پختونخوا ہ نے سندھ کو شکست دیدی 

قائد اعظم ٹرافی، خیبر پختونخوا ہ نے سندھ کو شکست دیدی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سب سے بڑے  ڈومیسٹک کرکٹ یونٹ قائداعظم ٹرافی میں خیبر پختونخواہ نے سندھ اور سدرن پنجاب نے بلوچستان کو  شکست دیدی، خیبر پختونخواہ نے سندھ کو ایک اننگز اور 37 رنز سے شکست  دی جبکہ سدرن پنجاب  نے بلوچستان کو ضیا ء  الحق کی تباہ کن باؤلنگ  کے باعث  205 رنز سے شکست دی۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے میچ میں خیبر پختونخواہ نے سندھ کو ایک اننگز اور 37 رنز سے شکست دے دی۔سندھ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 50.4 اوورز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔سندھ کی ٹیم گذشتہ روز کے اسکور میں صرف 28 رنز کا ہی اضافہ کر سکی،سندھ کے سعود شکیل کل کے اسکور50  رنز میں بغیر کوئی اضافہ کئے آؤٹ ہو گئے۔خیبر پختونخواہ  کے بالر ساجد خان نے  49 رنز دے کر  5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،محمد وسیم نے 3 جبکہ عرفان اللہ شاہ نے ایک اور خالد عثمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سندھ نے اپنی پہلی اننگز میں 229 رنز بنائے تھے جواب میں خیبر پختونخواہ  نے اپنی پہلی اننگز میں 414 رنز بنائے۔
اس طرح سندھ کی ٹیم 185 کے خسارے کا شکار ہو گئی،سندھ کی ٹیم دوسری اننگزمحض 148 رنز بنا پویلین لوٹ  گئی اور اس طرح اْسے  ایک اننگز اور 37 رنز کے بھاری مارج کی شکست کا سامنا کر نا پڑا۔خیبر پختونخواہ کے کامران غلام نے 166 کی شاندار اننگز کھیلی،خیبر پختونخواہ کے بالر ساجد خان نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں  اور عرفان اللہ شاہ نے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔نیشنل اسٹیڈیم  میں کھیلے جانے والے میچ میں سدرن پنجاب  نے بلوچستان کو ضیا ء  الحق کی تباہ کن باؤلنگ  کے باعث  205 رنز سے شکست دے دی۔ بلوچستان کو میچ جیتنے کے لیے 405 رنز کا ہدف ملا تھا۔ کھیل کے چوتھے روز  بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 199 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بلوچستان نے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز کھیل کا آغاز 112 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر کیا گزشتہ روز کے 63 رنز پر ناٹ آؤٹ بیٹسمیں  کپتان عمران فرحت 84 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے جبکہ اکبرالرحمان نے 57 رنز کی اننگز کھیلی ایاز تصور 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بلوچستان کے چار کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو ئے۔  ضیا ء الحق نے 7 وکٹیں 35 رنز دے کر حاصل کیں۔ عامر یامین نے دو جبکہ زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 256 اور دوسری اننگز میں 312 رنز بنائے جبکہ بلوچستان نے پہلی اننگز میں 164 رنز بنا ئے تھے۔