کراچی آل سٹیک ہولڈرز کانفرنس میں بلدیاتی نظام سے متعلق اہم مطالبات کی قرارداد پیش کر دی

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) کراچی آل سٹیک ہولڈرز کانفرنس میں بلدیاتی نظام سے متعلق اہم مطالبات پر مبنی قرار داد پیش کر دی گئی ، قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ بلدیاتی قانون 2013 آئین کے آرٹیکل140سے متصادم ہے۔
کراچی آل سٹیک ہولڈرز کانفرنس کی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سندھ بلدیاتی قانون میں بلدیاتی حکومت کو باختیار بنایا جائے،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، بلڈ نگ کنڑول اتھارٹی کو بلدیاتی کونسلز کےماتحت کیے جائیں ، ٹرانسپورٹ ، صحت اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بھی بلدیاتی کونسلز کے سربراہ کے ماتحت کیا جائے، گزشتہ 15 سالوں سے پی ایف سی کا انعقاد نہیں کیا گیا ، مالیاتی کمیشن ایوارڈکو قومی مالیاتی کمیشن کے طرز پر آئینی و قانونی تحفظ فراہم کیا جائے ،بلدیاتی اداروں کا مالی طور پر با اختیار نظام بنایا جائے۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ جمع ہونے والے ٹیکسوں کی وصولی کا حق مقامی کونسلز کا ہونا چاہیے، پراپرٹی ٹیکس اور موٹر وہیکل ٹیکس کا بڑا حصہ متعلقہ کونسل پر خرچ کیا جائے ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر کا انتخاب براہ راست ہونا چاہیے۔