اربوں روپے ہڑپ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا:جسٹس (ر)جاویداقبال

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی احتساب بیورو(نیب)کےچیئرمین جسٹس(ر)جاویداقبال نےکہاہےکہ وائٹ کالرکرائم اور میگا بدعنوانی کے مقدمات اولین ترجیح ہیں، جنہوں نےمعصوم پاکستانیوں کے اربوں روپے ہڑپ کئے اور بدعنوانی کی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،قانون کے تحت نیب کی کسی فرد ، جماعت یا ادارے سے کوئی وابستگی نہیں بلکہ یہ وابستگی ملک اور اپنے فرائض کی انجام دہی سے ہے ، بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز بن چکا کیونکہ یہ ملکی ترقی کی راہ میں نہ صرف بڑی رکاوٹ بلکہ مستحق لوگوں کو ان کے حق سے بھی محروم کرتی ہے ، پاکستان کو بدعنوانی کے چیلنج کا سامنا ہے جو تمام مسائل کی جڑ ہے ، نیب نے احتساب سب کے لئے کی پالیسی کے تحت ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جس میں آگاہی ، روک تھام اور نفاذ شامل ہیں،اسکے علاوہ نیب کے طریقہ کار کی از سر نو تشکیل اور عین درستگی نے نیب کی ساکھ کو بڑھایا ہے اور ادارہ بدعنوانی کی تمام اقسام اور اشکال کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں ۔
جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک پاکستان نیب کا عزم ہے اور اس نعرے کے تحت ادارہ احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان ،ورلڈ اکنامک فورم ، پلڈاٹ اور مشال پاکستان جیسے معروف قومی اور بین الاقوامی اداروں نے نہ صرف بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کی کوششوں کی تعریف کی بلکہ 59فیصد لوگوں نے گیلانی اور گیلپ سروے میں نیب کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نےکہاکہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نےپہلی باربڑی مچھلیوں کو انصاف کےکٹہرےمیں لایاہےاوربدعنوان عناصرسےبلواسطہ اوربلاواسطہ اکتوبر 2017ءسے نومبر 2021ءکے دوران 539ارب روپے برآمد کئے جو ماضی میں کبھی نہیں دیکھا گیا ، اس کے علاوہ مجموعی طور پر 821ارب روپے نیب برآمد کر چکا ہے ،قومی احتساب بیورو نے مختلف احتساب عدالتوں میں 1335ارب روپے مالیت کی بدعنوانی کے 1278مقدمات بھجوائے جو زیر سماعت ہیں، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے نظریئے کو متعارف کرایا گیا تاکہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر معیاری تفتیش کےعمل کو یقینی بنانےکےلئےاجتماعی دانش سےاستفادہ کیاجاسکے،قومی احتساب بیورو دوسروں کےاحتساب کے ساتھ خوداحتسابی پر بھرپور یقین رکھتا ہے،نیب کرپشن اور بدعنوانی کے میگاکیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے ۔