راولپنڈی بنگلے میں ڈکیتی، پانچ ڈاکو2کروڑ کی نقدی، طلائی زیورلوٹ کر فرار
راولپنڈی(این این آئی)پانچ ڈاکو بنگلے سے دو کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ راولپنڈی کے تھانہ مورگاہ کے علاقے میں گزشتہ روز ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے جس میں 5 ڈاکو چودھری اورنگزیب کے گھر اکبر ہاؤس میں داخل ہوئے اور 2 کروڑ روپے مالیت کی نقدی، غیر ملکی کرنسی، سونے کے زیورات و دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو اسلحے کی نوک پر یرغمال بناکر ایک کمرے میں بند کردیا، ڈاکو گھر کی تلاشی لیتے ہوئے 75 لاکھ روپے کی نقدی سمیت 9 ہزار یورو 5 سو ڈالر اور 80 تولہ زیورات لوٹ لے گئے، ڈاکو بریف کیس میں سے پاسپورٹ دستاویزات، 9 ایم ایم پسٹل نائن ایم بھی لے گئے، پولیس اور فورنزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں تحقیقات میں مصروف ہیں۔سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا حکم جاری کردیا۔ ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران نے جائے وقوع کا جائزہ لیا اور تفتیشی ٹیم کو ہدایات دیں۔مدعی کے مطابق تین ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور ملکی و غیر ملکی کرنسی و طلائی زیورات چھین کر فرار ہوئے۔ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان نے کہا کہ ٹیکنیکل شواہد اور ہیومن انٹیلی جنس پر کام کیا جا رہا ہے، ملزمان کو گرفتار کر کر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
دو کروڑ کی ڈکیتی