کوئلہ، ہوا اور سولر سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ ہے: خرم دستگیر
شیخوپورہ (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ حکومت تھر کے کوئلے، ہوا، سولر اور ہائیڈل جیسے مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے ضلع شیخوپورہ میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن لاہور نارتھ، 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ اسٹیشن اور متعلقہ ٹرانسمیشن لائنز کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جس پر مجموعی طور پر 24 ارب روپے لاگت آئے گی۔ انھوں نے قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کی منسلک 4 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کا بھی افتتاح کیا۔ سنگ بنیاد کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی)کو نئے گرڈ سٹیشنز اور 113 کلومیٹر طویل بلوکی کنورٹر سٹیشن 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن500 کے وی نوکھر گرڈ سٹیشن ٹرانسمیشن لائن کے دو میگا پراجیکٹس شروع کرنے پر سراہا۔ انھوں نے کہا کہ 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن لائن لاسز کم کرنے،لیسکو اور گیپکو کے نیٹ ورک میں وولٹیج پروفائل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے بجلی کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔ حکومت تھر کے کوئلے، ہوا، سولر اور ہائیڈل جیسے مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ صرف تھر کے کوئلے سے 2000 میگاواٹ سستی بجلی جون 2023 کے اختتام سے قبل نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے گی،منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے بھی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کیا۔
خرم دستگیر