ملک میں معاشی استحکا م ضروری، انتشار کی سیاست کرنیوالوں کو ناکامی ہو گی: گورنر پنجاب
لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم،پارٹی اور پوری قوم کی نگاہیں آپ پر ہیں، آپ اور آپ کی پوری ٹیم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوششیں قابل قدر، ملک میں ترقی کا سفر نئے عزم اور جذبے سے دوبارہ شروع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں پوری وفاقی کابینہ اور حکومت کوشاں ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معیشت کے اشاریوں سمیت دیگر شعبوں میں استحکام آیا ہے۔وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دور میں ریکارڈ خسارہ اور بھاری قرضوں کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا۔مسلم لیگ(ن)نے پہلے بھی ملک کو مشکلات اور بحرانوں سے نکالا ہے۔دریں اثناہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ارکان پارلیمنٹ نے گورنر پنجاب کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی استحکام کیلئے معاشی استحکام بہت ضروری ہے۔ انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،اس موقع پر وفد کے ارکان نے گورنر پنجاب کاگورنر ہاؤس کے دروازے طلبا، پارٹی ورکرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کھولنے کے اقدام کو سراہا۔اراکین وفد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے اپنے ادوار میں عوام کو موٹرویز، صحت، تعلیم کی سہولتیں اور مستحکم معیشت دی۔ ملاقات کرنیوالوں میں سابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین ایم این ایزاجمل خان ایم پی ایز چوہدری شہباز احمد گجر،حاجی نوید احمد، رانا افضال احمد سابق ایم این اے پیر بودلہ، سابق ایم این اے شاہین شفیق،سابق ایم پی اے سلطانہ شفیق گجر سمیت یوتھ فورم کے عہدے داروں چوہدری شہزاد گجر اور چوہدری بوٹا گجر شامل تھے۔
گورنر پنجاب