تدریسی ہسپتال مردان کے بورڈ آف گورنرز کا 50 واں اجلاس
مردان (بیورورپورٹ)تدریسی ہسپتال مردان کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 50 واں اجلاس زیر صدارت چیئرمین عطا ء اللہ خان طورو منعقد ہوا۔اجلاس میں او پی ڈی کی توسیع سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتال کی او پی ڈی میں معائنے اور طبی مشورے کی غرض سے آنے والے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جن کو او پی ڈی کی موجودہ عمارت میں مجوزہ سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔اجلاس میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظررکھتے ہوئے او پی ڈی میں 52 کمروں پر مشتمل منزل پر جلد از جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے بنائے جانے والی عمارت میں آئی بی پی پریکٹس کیلئے ڈاکٹروں کیلئے کلینکس بھی قائم کیئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت نے ہسپتال میں برن سنٹراور کنار منصوبے کی پی سی ون کی منظوری دے دی ہے۔بی او جی کو بتیا گیا کہ ریجنل بلڈ سنٹر کیلئے عمارت مختص کر دی گئی ہے جس میں تزین وآرائش کاکام چند دنوں میں شروع کردیا جائیگا۔ اجلاس نے تیماداروں کیلئے انتظارگاہوں کے قیام کیلئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے، کار پارکنگ کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے سمیت ہسپتال کی او پی ڈی اور ایڈمنسٹریشن بلاک کی سولارائزیشن پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس نے باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں قائم ہونے والے نئے اور موجودہ شعبوں کیلئے پاکستان میڈیکل کمیشن کے قوائد و ضوابط کو پورا کرنے کیلئے درکار فیکلٹی بھرتی کرنے کی منظوری بھی دی۔اجلاس کو بتایا کہ ہسپتال میں کالا یرقان، ٹی بی، ذیابطیس اور آیج آئی وی پروگرام کے تحت مریضوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔بی او جی کو گزشتہ چند ماہ میں ہسپتال میں کئی ایک نئے قائم کیئے گئے شعبوں بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین بی او جی عطائاللہ خان طورو نے کہا کہ مریضوں کو فوری اور معیاری علاج معالجے کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور اعادہ کیا کی دستیاب وسائل میں اس مقصد کو حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اجلاس میں بی او جی ممبرز فضل قادر، ہارون خان، محمد ارشد، ڈاکٹر سبینہ ناز، ندیم انور، ڈین بی کے ایم سی پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عماد حمید، ہسپتال ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، سیکٹری بی او جی اظہر خان، ڈائریکٹر فنانس محمد شیراز، نرسنگ ڈائریکٹر مہروالنساء، مینیجر ایچ آر الطاف احمد، مینیجر آئی ٹی محسن علی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔