پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں ناکام ہو چکی ہے‘ ارباب فاروق

  پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں ناکام ہو چکی ہے‘ ارباب فاروق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء‘سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و معروف تاجر ارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مرکز کی طرح صوبے میں بھی ناکام ہو چکی ہے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے زیادہ بگڑ چکی ہے آئے روز پولیس افسران اور اہلکاروں پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث لوگ خود کو بھی غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ بیت النصر میں جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں اور تاجروں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملکی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و معروف تاجر ارباب فاروق جان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث تاجر دیگر صوبوں کو کاروبار منتقل کرنے پر غور کر رہے ہیں کیونکہ سرمایہ کار صوبائی دارالحکومت پشاور میں کاروبار شروع کردیتے ہیں جبکہ حکومتی احکامات پر مختلف اداروں کے حکام ان سرمایہ کاروں کو مختلف طریقوں سے تنگ کرنے سمیت ہراساں کرتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر ان کے کارورباروں کو تباہ و برباد کردیتے ہیں جس کے باعث وہ مجبوراً کاروبار یا تو ختم کردیتے ہیں یا دیگر صوبوں کو منتقل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں اور تاجروں کو حقوق فراہمی کی باتیں تو کرتی ہے تاہم اقدامات اس کے برعکس کئے جاتے ہیں جس سے صوبے میں معاشی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام صوبے میں تاجروں کو سازگار ماحول و سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اس سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جن کے ساتھ ملکر صوبے کے تاجروں کو حقوق و سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر سینئر سیاستدانوں اور علماء کرام کی پگڑیاں اچھالنے والے صوبے کے عوام کو ریلیف دیں اور تاجروں کو سہولیات مہیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کی بدولت کثیر تعداد میں لوگ جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب صوبے میں جمعیت علمائے اسلام کی حکومت ہوگی۔