طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، بابر سلیم سواتی
پشاور(سٹاف رپورٹ)صوبائی مشیر داخلہ خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ موجودہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے وژن کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام تر سکولوں میں طلباء کو معیاری تعلیم بہم پہنچانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں، تعلیم ہر معاشرے کا اساس ہے، تعلیم سے قومیں کامیابی کی منازل طے کرتی ہیں، ہم صوبے میں مفت اور معیاری تعلیم عام کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وہ ضلع مانسہرہ میں سرکاری سکولوں کی سالانہ تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع مانسہرہ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، تمام تر سرکاری سکولوں کے اساتذہ،علاقہ عمائدین ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے قابل اور ذہین طلباء کو مالی معاونت اور دوسرے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ہم نے اپنے معاشرے کو تعلیم کے ذریعے آگے لے کر جانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا شروع دن سے ہی تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جدت لانا اور ان کو معیاری بنانا ترجیح رہا ہے۔ اپنے خطاب میں مشیر داخلہ نے تمام والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے اساتذہ اور سکول انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہی بچے ہمارا کل یعنی مستقبل ہیں، ہم نے اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے اپنے بچوں کو تعلیم دلوانا ہے، زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کے لئے صوبائی حکومت کا اس مہم میں ساتھ دیں۔تقریب کے اختتام پر مشیر داخلہ خیبرپختونخوابابر سلیم سواتی نے بچوں اور اساتذہ میں انعامات بھی تقسیم کئے ہیں۔