نئے صوبوں کیلئے قومی،صوبائی اسمبلیوں کا اتفاق ضروری،شاہد خاقان

Dec 12, 2022


کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مفتاح نے صحیح کام کیا لیکن وزیر اعظم اور پارٹی قیادت نے اسحق ڈار کو ذمہ داری دی، نئے صوبے بنانے کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا اتفاق ہونا چاہیے۔کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز  ایڈیٹرز کے میٹ دی ایڈیٹرز  سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے آنے اور مفتاح اسماعیل کے جانیکا فیصلہ وزیراعظم کا ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کا براہ راست تعلق عوام سے ہوتا ہے، بلدیاتی نمائندوں کے پاس اختیارات ہونے چاہئیں، عموماً بلدیاتی اختیارات ارکان قومی و صوبائی اسمبلی استعمال کرتے ہیں، پرویز مشرف نے بلدیاتی نمائندوں کو بہت زیادہ اختیارات دیے جو  تجربہ کامیاب نہیں رہا، اختیارات کو منتقل کرنا چاہیے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانے کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا اتفاق ہونا چاہیے، ہمارا نظام حکومت اس طریقے سے نہیں چل رہا، ہمیں انتظامی نظام کو تبدیل کرنا ہوگا، وفاقی افسران کا تحصیل میں کیا کام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے ملک کو کسی ایک ادارے نے نقصان پہنچایا ہے تو وہ نیب ہے،کوئی افسر اس صورتحال میں کام کرنے کو تیار نہیں ہے، بتائیں نیب نے کون سا احتساب کیا ہے، نیب نے صرف نواز شریف کو سزا دلائی ہے، ججوں کو بلیک میل کر کے فیصلے کروائے گئے ہیں۔
شاہد خاقان

مزیدخبریں